قومی کرکٹ ٹیم اپنی خامیاں دور کرے

آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے 35ویں میچ میں پاکستان نے ڈک ورتھ لوئس (ڈی ایل ایس) میتھڈ کے تحت نیوزی لینڈ کو 21 رنز سے شکست دے دی۔ بھارتی ریاست کرناٹک کے شہر بنگلورو میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 401 رنز بنائے، اوپنر ریچن رویندر نے 108 رنز کی اننگز کھیلی۔ پھر بارش کے باعث میچ روک دیا گیا اور ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت پاکستان کو 41 اوور میں 342 رنز کا ہدف ملا۔ پہلی مرتبہ بارش رکنے سے قبل پاکستان نے 21.3 اوور میں ایک وکٹ پر 160 رنز بنائے تھے۔ نیوزی لینڈ نے 21 اوور میں ایک وکٹ پر 133 رنز بنائے تھے، پاکستان مذکورہ میتھڈ پر 10 رن آگے تھا۔ بارش رکی تو میچ دوبارہ شروع ہونے پر پاکستان کو 18.3 اوورز میں 183رنز کا ہدف ملا۔ پاکستان نے ایک اوور میں بیس رنز بنا کر پوزیشن مضبوط کر لی۔ پاکستان کو ان اوورز میں جیت کے لیے 180رنز درکار تھے۔ بارش نہ رکنے پر پاکستان کو ڈی ایس ایل میتھڈ کے تحت 21 رنز سے فاتح قرار دیا گیا۔ فخر زمان 81 گیندوں پر 126 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ انھوں نے 11 چھکے اور 8 چوکے لگائے۔ جاری ورلڈ کپ میں پاکستان کی کارکردگی انتہائی مایوس کن نظر آرہی ہے۔ مذکورہ میچ میں نیوزی لینڈ نے جتنا بڑا ہدف دیا تھا، اب تک کی کاکردگی کے تناظر میں قومی ٹیم کے لیے اسے پورا کرنا انتہائی مشکل نظر آتا تھا۔ اگر بارش کی مدد شامل حال نہ ہوتی تو یہ میچ بھی ہاتھ سے جاتا نظر آرہا تھا۔ بے شک فخر زمان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی امید کو برقرار رکھا مگر کسی کھلاڑی کی انفرادی کوششوں پر انحصار کر کے ورلڈ کپ جیتنے کی امید نہیں کی جاسکتی۔ اس کے لیے پوری ٹیم کو اپنی کارکردگی بہتر بنانا ہوگی۔ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے مگر اسے کبھی سرکاری سرپرستی حاصل نہیں ہوئی۔ سارا فوکس کرکٹ پر نظر آتا ہے اور تمام تر توجہ کے باوجود اس کھیل میں بھی بہتری نہیں لائی جاسکی۔ مذکورہ میچ میں کامیابی پر امید پیدا ہوئی ہے کہ قومی ٹیم اگلے میچوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر کے قوم کو مایوسیوں سے نکالے گی، لہٰذا قومی ٹیم کو ایک دو کھلاڑیوں کی اچھی کارکردگی پر انحصار کرنے کے بجائے مجموعی طور پر پری ٹیم کو بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنا ہوگا تبھی ورلڈ کپ جینے کی امید کو حقیقت کے روپ میں ڈھالا جاسکتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن