لاہور(کامرس رپورٹر)عالمی سطح پر تسلیم شدہ ادائیگیوں کے گیٹ ویز پے پال اور سٹرائپ پاکستان کے ٹیک ایکو سسٹم میں انقلاب برپا کرنے جا رہے ہیںاور یہ پاکستان میں ترسیلات زر کو بڑھانے کیلئے تاریخی اقدام ثابت ہوگا ،پاکستان میں مقیم کم از کم 1200 آئی ٹی کمپنیاں ، آئی ٹی سروسز دینے والے75,000 سے زیادہ فری لانسرز فوری طور پر پے پال اور سٹرائپ پر منتقل ہو جائیں گے جس سے وہ چین، بھارت اور دیگر علاقائی، ذیلی علاقائی اور بین الاقوامی حریفوں کے برابر صارفین تک پہنچنے اور چارج کرنے کے قابل ہوں گے جو کہ پہلے بین الاقوامی مالیاتی چینلز کے ذریعے ادائیگیاں وصول کرنے میں پابندی کا شکار تھے۔ان خیالات کا اظہار معروف پاکستانی ٹیک انٹرپرینیور ،سرمایہ کار اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سٹارٹ اپس کے سرپرست نعمان سعید نے آئی ٹی کے شعبے سے وابستہ نوجوانوںکے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا امریکی آئی ٹی انڈسٹری کے مطابق صرف پہلے سال میں 800 ملین ڈالر سے زیادہ کی ادائیگیاں ہوں گی۔نعمان سعید نے اسٹیٹ بینک پر زور دیا کہ وہ اپنے نظام میں بڑے پیمانے پر تبدیلی اور کمرشل بینکوں کی جانب سے تیزی سے عملدرآمد کےلئے روڈ میپ تیارکرے، ایف بی آر اپنے افسران کو اس حوالے سے تربیت دے، پاکستان سوفٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ آئی ٹی خدمات کی برآمد کےلئے رجسٹر یشن کو آسان بنائے۔