لاہور(کامرس رپورٹر )پاکستان ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن کے چیئرمین شہزاد علی ملک نے کہا ابھرتے عالمی چیلنجز نے یہ بات عیاں کر دی کہ خوراک کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے اور موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے نمٹنے کیلئے زرعی شعبے کو متنوع بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ گزشتہ روز ترقی پسند کسانوں کے وفد سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا زرعی شعبے کو متنوع بناکر اور فصلوں کی مختلف اقسام کاشت کر کے ہم موسمیاتی تبدیلیوں اور کیڑے مکوڑوں سے لاحق خطرات کو کم کر سکتے ہیں۔ شہزاد علی ملک ستارہ امتیاز نے کہا تحقیق و ترقی کے فروغ اور مناسب فصلوں کے بارے آگاہی کیلئے کسانوں، محققین اور پالیسی سازوں کے درمیان تعاون و ہم آہنگی بہت ضروری ہے۔ جدت اور تنوع کو فروغ دے کر ہم آنے والی نسلوں کےلئے پائیدار مستقبل کی بنیاد رکھ سکتے ہیں، فوڈ سکیورٹی کو یقینی بنا سکتے ہیں، قدرتی وسائل کو محفوظ رکھ سکتے ہیں اور دیہی آبادی کی ترقی و خوشحالی کی راہیں کھول سکتے ہیں۔