کینیڈین ہیلی کاپٹرز کی شی شاجزائر کے قریب پروازیں اشتعال انگیزی تھی، چین

Nov 06, 2023

بیجنگ (این این آئی)چینی وزارت دفاع کے ترجمان چانگ شیاو گانگ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کینیڈین فریگیٹ یو ایس ایس اوٹاوا نے نامعلوم ارادوں کے ساتھ فوجی ہیلی کاپٹرز کی پروازیں کیں جو شی شا جزائر کے اوپر چین کی فضائی حدود کی جانب بڑھ رہے تھے۔ اس دوران چینی پیپلز لبریشن آرمی نے قانون کے مطابق شناخت اور تصدیق کے لیے بحری اور فضائی افواج کو منظم کیا اور بار بار وارننگ دی لیکن کینیڈین ہیلی کاپٹرز نے نہ صرف جواب دینے سے انکار کیا بلکہ انتہائی کم اونچائی پر پروازوں جیسی اشتعال انگیز کارروائیاں بھی کیں اور بعد میں میڈیا کے ذریعے اس معاملے کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا اور چین کو بدنام کیا۔ کینیڈا کی جانب سے یہ اقدام چین کے داخلی قانون اور متعلقہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے، چین کی خودمختاری اور سلامتی کو خطرے میں ڈالتا ہے، اور مذموم مقاصد کے ساتھ ایک بدنیتی پر مبنی اشتعال انگیز عمل ہے۔اس حوالے سے چین کا ردعمل پیشہ ورانہ اصول کے مطابق ہے۔ترجمان نے کینیڈا پر زور دیا کہ وہ حقائق کو نظر انداز نہ کرے، فرنٹ لائن بحری اور فضائی افواج کے اقدامات کو سختی سے روکے۔ترجمان نے مزید کہا کہ چین کی مسلح افواج ہر وقت ہائی الرٹ رہتی ہیں، قومی خودمختاری، سلامتی اور سمندری حقوق اور مفادات کا بھرپور دفاع کرتی ہیں اور بحیرہ جنوبی چین میں امن و استحکام کا بھرپور تحفظ کرتی ہیں۔

مزیدخبریں