کھمٹنڈو(این این آئی) مغربی نیپال کے علاقے جاجرکوٹ میں آنے والے 5.7 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 157 ہوگئی ہے اور سینکڑوں افراد زخمی ہو گئے جبکہ زلزلہ متاثرہ علاقوں میں متاثرین کو ریسکیو کرنے کیلئے کارروائیاں جاری ہیں۔برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق ریسکیو ورکرز کا کہنا تھاکہ گزشتہ روز زلزلے کے دوران لینڈ سلائیڈنگ کے باعث متاثرہ علاقوں تک ہیوی مشینری پہنچانا مشکل ہو رہا ہے اس لیے فی الوقت خالی ہاتھوں سے ملبے میں پھنسے افراد کو نکالنے کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں تاہم اس میں ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ پیدا ہو جائے گا۔حکام کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں تک ہیوی مشینری پہنچانے کیلئے بند راستوں کو کھولنے کا کام تیزی سے جاری ہے جلد ہی ہیوی مشینری متاثرہ علاقوں تک پہنچا دی جائے گی تاہم زخمیوں کواسپتالوں تک پہنچانے کیلئے ریسکیو سرگرمیوں کیلئے ہیلی کاپٹر اور جہاز روانہ کردئیے گئے ۔
نیپال میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 157 ہو گئی، ریسکیو کارروائیاں جاری
Nov 06, 2023