اوکاڑہ، رینالہ خورد (نامہ نگار+نمائندہ خصوصی) دو یوم قبل پسنی، اوماڑہ میں دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے میں پاک فوج کے 14 جوان شہید ہو گئے تھے ان جوانوں میں اوکاڑہ کے گاوں 23۔ٹو۔ایل کا رہائشی جوان شہزاد قمر بھی شامل تھا۔ گزشتہ روز شہید کا جسد خاکی اس کے آبائی گاﺅں پہنچایا گیا۔ وطن پر قربان ہونے والے شہید کا آخری دیدار کرنے کے لئے لوگوں کی کثیر تعداد گاﺅں پہنچ گئی جب کہ پاک فوج کے اعلیٰ افسران اور جوان بھی شہید کے نماز جنازہ میں شرکت کے لئے اس کے آبائی گاﺅں پہنچے۔ شہید کی نماز جنازہ میں سیاسی، سماجی اور سول سوسائٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شہید کے جسد خاکی کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ پاک فوج کے جوانوں نے شہید کی قبر کو سلامی دی اور فوجی افسران نے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ فاتحہ خوانی بھی کی، شہید شہزاد قمر کے سوگوران میں بیوہ، دو بچے والد، والدہ، ایک بہن اور چار بھائی ہیں۔ شہزاد قمر کی شہادت پر اس کے لواحقین نے فخر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بیٹے نے جام شہادت نوش کر کے ہمارا‘ ہمارے گاﺅں‘ پاک فوج کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ یاد رہے ایک ہفتہ قبل بھی اوکاڑہ کے گاﺅں 51 تھری۔آر اوکاڑہ کا رہائشی پاک فوج کا جوان نائب صوبیدار آصف عمران بھی شہید ہوگیا تھا جسے بھی پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا تھا۔
پسنی اوماڑہ میںشہید جوان شہزاد قمر فوجی اعزاز کے ساتھ اوکاڑہ میں سپرد خاک
Nov 06, 2023