شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) سابق وزیر اعظم کی سابق اہلیہ ریحام خان نے کہا ہے 9مئی کے واقعہ میں گرفتار عام افراد کیلئے میرے دل میں ہمدردی ہے 9مئی میں گرفتار عام افراد کو ریلیف دینا چاہئے جس وزیر اعظم نے اپنے عہدے کا حلف لیا اس کو اجازت ہی نہیں سائفر کی بات کرے‘ بے نظیر بھٹو ، نواز شریف اور زرداری ملک کے سربراہ رہے، انہوں نے بھی کئی خفیہ دستاویز دیکھی ہوں گی مگر انہوں نے کبھی ملکی راز کو افشاں نہیں کیا۔ ان خیالات کا ا ظہار انہوں نے فلم سٹار چوہدری الیاس گجر کے گھر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ریحام خان نے کہا 9 مئی سے قبل ایک سیاسی جماعت کی طرف سے جو بیانیہ بنایا گیا تھا اور ملکی اداروں کیخلاف جس طرح کی زبان استعمال کی گئی وہ قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ اس بات کیخلاف ہیں کہ کسی سیاسی رہنما کو سیاست سے ہٹایا جائے یا نااہل کیا جائے۔ جمہوریت کا حسن ہے ملک میں فیئر اینڈ فری الیکشن ہوں‘ فلسطین پر ظلم ہو رہا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔