لاہور (نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں نے مسئلہ فلسطین پر قوم کی حقیقی ترجمانی نہیں کی۔ مسلم حکمران غزہ میں سفاکیت پر اسرائیل کے خلاف اجتماعی جہاد کا اعلان کریں۔ بیان میں کہا کہ مسئلہ فلسطین پر پاکستان اور مسلم حکمرانوں کی خاموشی امریکا کے خوف کی وجہ سے ہے۔ امریکی امداد اسرائیل کو قتل عام کا لائسنس جاری کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے صہیونی ریاست کے توسیع پسندانہ عزائم کو روکنا ہو گا۔ صیہونی عزائم کوغزہ میں شکست نہ ہوئی تو یہ اژدہا بن کر پڑوسی ممالک کو بھی نگل لے گا۔ اسلامی سربراہی کانفرنس بلانے کا مطالبہ کرتے کہا افغان مہاجرین کی واپسی کیلئے مشترکہ کمشن تشکیل دیا جائے۔