چین ،کینٹن فیئر کے پہلے دو مرحلو میں ایک لاکھ 57 ہزار 200 غیر ملکی خریداروں کی شرکت

Nov 06, 2023

 اسلام آ باد (نوائے وقت رپورٹ) چین کے شہر گوانگچو میں منعقدہ 134 ویں چائنا امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ فیئر کے پہلے دو مرحلوں کے دوران مجموعی طور پر ایک لاکھ 57 ہزار 200 غیر ملکی خریداروں نے شرکت کی ، ان میں سے ایک لاکھ سے زائد خریدار بیلٹ اینڈ روڈ ممالک اور خطوں سے تعلق رکھتے تھے ، ان میں گزشتہ سال کی نسبت 69.9 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔پیانو ایکسپورٹ ایف زیڈ سی او پاکستان کے چیف منیجر ایکسپورٹ صفدر فیاض نے چین کے شہر گوانگچو میں منعقدہ 134 ویں چائنا امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ فیئر میں شرکت کے دوران چائنا اکنامک نیٹ کو انٹرویو میں بتایا کہ اس بار کاروبار اچھا ہے،میں یہاں چین کے ساتھ ساتھ پوری دنیا کے ساتھ کاروبار کرنے کے مزید امکانات تلاش کرنے آیا ہوں۔ 134 واں چین امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ فیئر جسے کینٹن فیئر کے نام سے جانا جاتا ہے 15 اکتوبر کو شروع ہوا اور 31 اکتوبر کو اپنے تیسرے اور آخری مرحلے میں داخل ہوا۔ 4 نومبر کو اختتام پذیر ہونے والے اس ایونٹ نے دنیا بھر سے نمائش کنندگان اور خریداروں کو اپنی طرف متوجہ کیا ہے۔ چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق فیاض کا فیئر میں شرکت کا یہ دوسرا موقع ہے۔ اس سال ان کے پاس قیمت اور معیار کے امتزاج کے ساتھ شاندار اسٹیشنری مصنوعات تھیں۔ انہوں نے سی ای این کو بتایا کہ ان کے پاس پاکستان کی کچھ منفرد رنگین پنسلیں ہیں جو بین الاقوامی خریداروں کی دلچسپی کا باعث بن سکتی ہیں۔ منتظمین کے مطابق پہلے دو مرحلوں کے دوران مجموعی طور پر ایک لاکھ 57 ہزار 200 غیر ملکی خریداروں نے میلے میں شرکت کی جو گزشتہ میلے کے اسی عرصے کے مقابلے میں 53 اعشاریہ 6 فیصد اضافے کی نمائندگی کرتی ہے۔ ان میں سے ایک لاکھ سے زائد خریدار بیلٹ اینڈ روڈ ممالک اور خطوں سے تعلق رکھتے تھے جو مجموعی طور پر 64 فیصد ہیں، جس میں گزشتہ سال کی نسبت 69.9 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔ 133 ویں ایونٹ کے مقابلے میں یورپ اور امریکہ سے خریداروں کی تعداد میں 54.9 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا۔ چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق خریداروں کی بڑھتی ہوئی ٹریفک کے علاوہ ، اس تقریب نے مزید نمائش کنندگان کو بھی اپنی طرف متوجہ کیا۔ پچھلے ایڈیشن کے مقابلے میں ، 134 ویں میلے کے لئے نمائش کے علاقے کو 50000 مربع میٹر تک بڑھایا گیا ہے اور نمائش بوتھوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ 28,000 سے زائد نمائش کنندگان نے اس تقریب میں شرکت کی ، جس میں 650 کاروباری ادارے 43 بیرونی ممالک اور خطوں سے آرہے ہیں۔ مشہور پاکستانی ٹیکسٹائل برانڈز بشمول گوہر ٹیکسٹائل ملز پرائیوٹ لمیٹڈ اور ایم کے سنز (پرائیوٹ) لمیٹڈ وغیرہ کاروباری شراکت داروں کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے اور چینی مارکیٹ تک رسائی حاصل کرنے کے لئے یہاں موجود ہیں۔ چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق1957 میں شروع کیا گیا اور سال میں دو بار منعقد ہونے والا یہ میلہ چین کی غیر ملکی تجارت کا ایک بڑا پیمانہ سمجھا جاتا ہے۔

مزیدخبریں