پاکستان معاشی اصلاحات سے آگے بڑھ کر اب معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے، پاکستان 24 سال بعد فسکل سرپلس میں آگیا ہے۔ وزیرِ اعظم میاں شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔یہ امر اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب اور قطر انتہائی کامیاب رہا، قطر نے اس بات کی یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ توانائی، مائنز اینڈ منرلز اور آئی ٹی کے شعبوں میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا، سعودی عرب کی مشہور فاسٹ فوڈ چین بھی پاکستان آرہی ہے۔ دورہ سعودی عرب کے دوران وزیرِ اعظم کی خصوصی کاوشوں سے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں مزید600 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر پاکستان میں حالیہ سعودی سرمایہ کاری کا حجم 2.8 ارب ڈالر ہوگیاہے۔
سعودی دارالحکومت ریاض میں وزیرِاعظم شہباز شریف اور سعودی وزیرِ سرمایہ کاری و مشیر شاہی دیوان نے مشترکہ پریس کانفرنس کی ہے۔ سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز نے کہا کہ انکے دورہ پاکستان کے دوران 27 مفاہمتی یاد داشتوں کے تحت 2.2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر اتفاق ہوا تھا، تاہم یہ آغاز ہے جس میں مزید اضافہ ہوگا۔انہوں نے سرمایہ کاری کو 2.2 ارب سے بڑھا کر 2.8 ارب ڈالر کرنے کا اعلان کیاہے ۔وزیراعظم شہباز شریف نے مزید سرمایہ کاری کے اعلان پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ مالی معاملات میں تعاون پر ہم سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور ہم سعودیہ سے مل کر خوشحالی و ترقی کی منازل طے کریں گے اور مشترکہ اہداف حاصل کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حکومت پاکستان کا وژن بہترین انداز میں پیش کیا۔وزیراعظم کی سعودی ولی عہدشہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ ملاقات انتہائی نتیجہ خیز ثابت ہوئی،سعودی عرب نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے معاہدوں کی سیاہی خشک ہونے سے قبل ہی عملدر آمد شروع کردیاہے وزیر اعظم نے مالی معاملات میں پاکستان سے تعاون پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیاہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ فیوچر انویسٹمنٹ اینی شیٹو سعودی ولی عہد کا ویژنری منصوبہ ہے، وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ یقین ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان سمجھوتوں کی ٹائم لائن پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی بصیرت افروز قیادت میں مشترکہ اہداف حاصل کریں گے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کیلئے تیزی سے اصلاحات جاری ہیں، حکومت ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کی راہ میں تمام رکاوٹیں ختم کر رہی ہے۔
سعودی وزیر سرمایہ کاری نے کہا کہ سعودی عرب لاکھوں پاکستانیوں کیلئے دوسرا گھر ہے، میں بہترین مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتا ہوں، دونوں ممالک اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنارہے ہیں۔ سعودی عرب کے سرمایہ کاری وفد کے گزشتہ ماہ اکتوبر میں دورئہ پاکستان میں 2.2 ارب ڈالر کی 27 مفاہمتی یادداشتوں و معاہدوں پر دستخط ہوئے تھے جن کی تعداد اب 34 ہوگئی ہے۔ سعودیہ پاکستان سرمایہ کاری منصوبوں میں سے 5 منصوبوں پر کام شروع ہو کر تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہے۔ وزیراعظم اور سعودی وزیر سرمایہ کاری کی مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران خالد بن عبدالعزیز نے وزیراعظم شہباز شریف کی ’فیوچر انویسٹمنٹ کانفرنس میں شرکت پر کہا ہے کہ وزیراعظم اور ان کے وفد کی میزبانی کرنا ہمارے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف ’فیوچر انویسٹمنٹ کانفرنس‘ میں شرکت کے بعد سعودی عرب سے قطر پہنچے، لیکن سعودی ریاست چھوڑنے سے قبل پاکستانیوں کیلئے ایک بڑی خوشخبری حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ ان کی روانگی سے قبل سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الصالح نے کہا کہ پاکستانیوں کیلئے ویزوں میں اضافہ کیا جائے گا، جس کے نتیجے میں سعودی عرب سے پاکستان کو زرمبادلہ بھیجنے میں اضافہ ہوگا، سعودی وزیر سرمایہ کاری نے فوری طور پراعلان کیا کہ صحت کے شعبے میں 300 ویزے جاری کیے جا رہے ہیں۔ خالد بن عبدالعزیز الصا لح نے کہا کہ یہ دورہ اور مفاہمتی یادداشتیں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کریں گی اور دونوں ممالک کی اقتصادی ترقی کیلئے نئے مواقع فراہم کریں گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دورہ قطر کے دوران دوحہ میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے وسیع معاملات پر تبادلہ خیال، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون پر غور کیا گیا۔ملاقات میں علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور فلسطینیوں کیخلاف اسرائیلی نسل کشی اور خطے میں کشیدگی بڑھنے پر بھی گفتگو کی گئی۔وزیراعظم نے فلسطین کے معاملے پر قطرکے موقف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں امن قائم کیے بغیر دنیا میں خوشحالی کا حصول ممکن نہیں ہوسکتا۔وزیراعظم نے امیر قطر کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی، وزیراعظم نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے ہمراہ قطر میوزیم کا دورہ بھی کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی سے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم شہبازشریف نے مختلف شعبوں میں قطر کی مسلسل حمایت پر اظہار تشکر کیا اور اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر اعظم کے دورہ قطر کے ثمرات آنا شروع ہو گئے ہیں اور دورے کا مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ، برادر اسلامی ملک قطرنے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا، حکومت نے خوشخبری بھی قوم کوسنادی ہے۔اعلامیے میں دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات مضبوط کرنے اور موجودہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔وزیراعظم نے دورے کے دوران پاکستان میں اہم اقتصادی شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کیا جبکہ امیر قطر نے اقتصادی شراکت داری، تجارتی تبادلے میں اضافے اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی امید ظاہر کی۔
٭٭٭
وزیر اعظم شہبازشریف کی سفارتی فتوحات
Nov 06, 2024