مقامی طور پر تیار کردہ  بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ

Nov 06, 2024

گزشتہ روز پاک بحریہ نے بحری جنگی جہاز سے مقامی طور پر تیار کیے گئے بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 350 کلومیٹر رینج والا میزائل سسٹم زمینی اور سمندری اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔یہ نظام جدید ترین نیویگیشن سسٹم کے ساتھ اپنی سمت اور رفتار کو تبدیل کرنے کی خصوصیات سے لیس ہے۔صدر پاکستان، وزیراعظم، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے کامیاب میزائل تجربے میں حصہ لینے والے یونٹس اور سائنسدانوں کو مبارکباد دی۔
مقامی طور پر تیار کردہ بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ نہ صرف خوش آئند ہے بلکہ وطن عزیز کے دفاع کی ضمانت بھی ہے۔ اس وقت پاکستان کو بھارت جیسے ایک عیار اور مکار دشمن کا سامنا ہے جو پاکستان کی سلامتی کیخلاف ہمہ وقت سازشوں میں مصروف رہتا ہے۔ اسکی سلامتی کو تاراج کرنے کی غرض سے بھارت نے دنیا کے مختلف ممالک سے خرید کر روایتی اور جدید ایٹمی اسلحہ کا اپنے صحن میں ڈھیر لگایا ہوا ہے ‘ اسی طاقت کے زعم میں وہ پاکستان کے ساتھ آئے روز کبھی سرحدوں پر اور کبھی اپنے ہاں دہشت گردی کا ڈرامہ رچا کر پاکستان پر چڑھ دوڑنے کا جواز پیدا کرتا رہتا ہے۔ پلوامہ اورممبئی حملے اسکی بڑی مثالیں ہیں جبکہ بھارت میں ہونے والے ایسے کئی ڈرامے بے نقاب کئے جا چکے ہیں جس کی بنیاد پر وہ پاکستان پر حملہ کرکے اسکی سلامتی کو تاراج کرنا چاہتا تھا۔ پاکستان کے ایٹمی طاقت ہونے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی حامل اسکی افواج کے ہمہ وقت چوکس رہنے اور اسے منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت کے باعث بھارت یہ جرأت نہیں کر پا رہا۔ 27 فروری 2019ء کو بالاکوٹ میں شرارت کرکے پاکستانی شاہینوں کے ہاتھوں زخم خوردہ بھارت اب تک اپنے زخم چاٹ رہا ہے۔ اس لئے بھارتی سازشوں کے توڑ اور ملک کے دفاع کیلئے جدید اسلحہ اب ناگزیر ہے۔ پاکستانی سائنس دانوں کی دن رات کوششوں اور محنت سے پاکستان اب روایتی اور جدید اسلحہ بنانے کی صلاحیت حاصل کر چکا ہے‘ ان سائنس دانوں کو افواج پاکستان کی مکمل معاونت حاصل ہے۔ گزشتہ روز بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ پوری قوم کیلئے فخر ہے۔ یہ پہلو اطمینان بخش ہے کہ وطن عزیز کا دفاع افواج پاکستان کے مضبوط ہاتھوں میں ہے‘ جس پر قوم کو فخر ہے اور وہ اس کامیابی پر فوج اور سائنس دانوں کو مبارکباد پیش کرتی ہے۔

مزیدخبریں