ایک ہفتے میں گھی ، کوکنگ آئل تیسری بار مہنگا، یوٹیلٹی سٹور ز سے آٹا ستور غائب 

Nov 06, 2024

لاہور (کامرس رپورٹر) اوپن مارکیٹ میں گھی مہنگا ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ دو ہفتوں میں تیسری مرتبہ گھی اور کوکنگ آئل مزید مہنگا ہوگیا۔ درجہ دوم 12 کلوگرام کوکنگ آئل کا پیک 85 روپے اور گھی پیک 50 روپے مہنگا ہوگیا جبکہ درجہ اول کا 5 کلوگرام گھی اور آئل پیک 100 روپے تک مہنگا ہوگیا۔ درجہ دوم 12 کلوگرام کوکنگ آئل کا پیک 5835 سے 6020 روپے کا ہوگیا، درجہ دوم آئل ہول سیل 502 ، پرچون میں 510 سے 515 روپے کلوگرام میں ملے گا۔ اسی طرح درجہ دوم کا 12 کلوگرام گھی پیک 50 روپے مہنگا ہوگیا۔ درجہ دوم 12 کلوگرام گھی پیک 5850 سے 5906 روپے کاہوگیا۔ درجہ دوم گھی ہول سیل493 اور پرچون میں 500 سے 502 روپے تک ملے گا جبکہ درجہ اول 5 کلوگرام گھی پیک 100 روپے بڑھ کر 2675 سے 2775 روپے کا ہوگیا درجہ اول فی کلوگرام گھی ہول سیل 555 روپے اور پرچون میں  565 تک ملے گا۔ دریں اثناء یوٹیلٹی سٹوروں سے سستا آٹا بدستور غائب ہے اور جبکہ اوپن مارکیٹ میں آٹے کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں‘ 20 کلو آٹے کا تھیلا 1775 سے 1835 روپے تک فروخت ہورہا ہے۔ یوٹیلٹی سٹوروں پر سستا آٹا اڑھائی ماہ سے دستیاب نہیں اور اوپن مارکیٹ میں آٹے کی قیمتیں غریب عوام کے بس سے باہر ہو چکی ہیں۔  شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ یوٹیلٹی سٹوروں پر سستے آٹے کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے اور اوپن مارکیٹ مین بھی آٹے اور دیگر اشیائے خوردونوش کی قیمتیں کم کی جائیں۔

مزیدخبریں