اسلام آباد (نامہ نگار+ اپنے سٹا ف رپو رٹر سے +خبر نگار خصوصی) ڈیرہ اسماعیل خان کے تھانہ درابن کی حدود میں ایف سی کی گاڑی پر خوارجی دہشتگردوں کی فائرنگ سے فرنٹیئر کانسٹیبلری کے2 اہلکار وطن پر قربان ہو گئے۔ ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق خوارجی دہشتگردوں سے بہادری سے لڑتے ہوئے ایف سی کے2 سپاہی شہید اور4 زخمی ہو گئے۔ ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق شہید سپاہی شیر الرحمن اور شہید سپاہی سید امین نے خوارجی دہشتگردوں کا دلیری سے مقابلہ کیا اور شہادت کا بلند رتبہ پایا۔ شہید سپاہی شیر الرحمن کا تعلق جنوبی وزیرستان اور شہید سپاہی سید امین کا تعلق صوابی گدون سے تھا۔ زخمیوں میں حوالدار امتیاز، سپاہی محب شاہ، سپاہی صاحب دین اور سپاہی فضل کریم شامل ہیں۔ ایف سی کے زخمی چاروں سپاہیوں کو علاج کے لئے ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا۔ دوسری جانب جنوبی وزیرستان میں تحصیل وانا کے علاقہ غونڈائی میں رات گئے کار پر نامعلوم مسلح افراد نے راکٹ حملہ کیا جس میں ایک سی سی ڈی اہلکار عثمان وزیر سمیت تین افراد شہید ہو گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان تحصیل وانا کے علاقہ وژہ غونڈئی کے مقام پر رات گئے نامعلوم مسلح افراد نے کار پر راکٹ حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک سی ٹی ڈی کانسٹیبل عثمان وزیر اور دو عام سویلین سمیت تین افراد شہید ہو گئے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ایف سی کے قافلے پر خارجی دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حملے میں شہید ہونے والے ایف سی اہلکار کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم دہشت گردی کی اس جنگ میں اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ پاکستانی قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ شہید سپاہی شیر الرحمن اور شہید سپاہی سید امین کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ شہید سپاہی شیر الرحمن اور شہید سپاہی سید امین نے جان دے کر دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔
دہشتگردوں کی فائرنگ ڈی ، آئی خان 2سپاہی جنوبی وزیرستان میں سی ٹی ڈی اہلکار سمیت 3شہید
Nov 06, 2024