9 مئی مقدمات‘ بانی پی ٹی آئی کے وکیل کو دلائل کیلئے آخری موقع

لاہور‘ اسلام آباد (خبر نگار+ نمائندہ نوائے وقت) عدالت نے 9 مئی کے جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل کو دلائل کیلئے آخری موقع دے دیا۔ لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ اے ٹی سی جج منظر علی گل نے ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت اے ٹی سی جج نے استفسار کیا کہ درخواستگزار کے وکیل کدھر ہیں، دلائل دیں۔ جس پر جونیئر وکیل نے جواب دیا کہ سینئر وکیل اسلام آباد میں ہیں۔ اے ٹی سی جج منظر علی گل نے اظہار برہمی کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ وہ تو روز اسلام آباد ہوتے ہیں۔ بعدازاں لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے عمران خان کے وکیل کو ضمانت کی درخواستوں پر دلائل کیلئے آخری موقع دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت جمعہ 8 نومبر تک ملتوی کردی۔ دوسری طرف لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے بانی پی ٹی آئی کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات اور خفیہ مقدموں میں گرفتار نہ کرنے کی درخواست صوبائی حکومت و دیگران سے 12 نومبر کو جواب طلب کرلیا۔ اڈیالہ جیل سنٹرل  راولپنڈی میں توشہ خانہ ٹو کیس پر سماعت سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کی۔ عدالت میں بشری بی بی کی حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی گئی جو عدالت نے منظور کر لی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر بشری بی بی کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔

ای پیپر دی نیشن