اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پالیسی ریٹ میں کمی خوش آئند ہے، قرضوں میں کمی آئے گی۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارا پالیسی ریٹ 22 فیصد سے 15فیصد پر آگیا ہے، پالیسی ریٹ کا 15فیصد پر آنا خوش آئند پیشرفت ہے، پالیسی ریٹ میں کمی کاروبار، صنعت اور دیگر شعبوں کیلئے اچھی خبر ہے، پالیسی ریٹ کم ہونے سے قرضوں کے حجم میں کمی آئے گی، ملک میں معاشی استحکام کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔ مرکزی بینک نے گزشتہ چند ماہ میں پالیسی ریٹ میں بتدریج کمی کی، معاشی اشاریے مثبت سمت کی جانب گامزن ہیں، معیشت مستحکم بنیادوں پر آگے بڑھ رہی ہے، ایسے ہی بہتری آتی رہی تو معیشت اچھے طریقے سے آگے بڑھے گی۔ سردیوں کیلئے بہت اچھی ونٹر پیکیج خبر ہے، چاہتے ہیں عام آدمی کو ریلیف ملے اور روزگار بڑھے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد نے پاکستان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، بزنس ٹو بزنس معاہدوں پر پیشرفت ہورہی ہے۔ میرے دورہ سعودی عرب کے تناظر میں ہمارا وفد سعودی عرب گیا ہے، وفد کے دورے میں شمسی توانائی، ہنرمند افرادی قوت اور کان کنی کے شعبوں سے متعلق امور زیر غور آئیں گے، پاکستانی وفد آئی ٹی، معدنیات اور توانائی کے شعبے پر بات کرے گا۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ آذربائیجان کے ساتھ بھی 2ارب ڈالر کے معاہدوں کے حوالے سے بات ہوئی ہے، یہ ہم پر منحصر ہے کہ کس حد تک ایم او یوز سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔ پاور سیکٹر سے بھی ایک اور اچھی خبر ہے، جو سردیوں کے لیے ایک اچھا پیکج ہے۔ اس سے پاکستان کی معیشت اور عام آدمی کو ریلیف ملے گا۔ صنعتیں وسیع ہوں، لوگوں کو روزگار ملے گا اور پاکستان اپنے پیروں پر کھڑا ہو گا۔ وہی اقوام آگے بڑھتی ہیں جو کمر کس لیں اور فیصلہ کر لیں کہ ہر طرح کے حالات کا سامنا کرنے کے لیے پر عزم ہوں۔ پاکستان کو بھی ان شاء اللہ ہم سب کی اجتماعی کاوشوں کے نتیجے میں کامیابی حاصل ہو گی۔ وفاقی کابینہ کی جانب سے آئندہ برس کیلئے منظور کردہ حج پالیسی کے اہم نکات سامنے آگئے۔ تفصیلات کے مطابق ایک لاکھ 79ہزار 210عازمین حج کی سعادت حاصل کرسکیں گے جبکہ پیکیج 10لاکھ 65ہزار سے 10لاکھ 75ہزار کے درمیان ہو گا۔ سپانسرشپ سکیم کے تحت گورنمنٹ سکیم کا کوٹہ 5ہزار، فی پرائیویٹ کا کوٹہ 25ہزار مختص ہوگا جبکہ حج کوٹہ مساوی تقسیم ہوگا۔ کابینہ سے منظوری ملنے کے بعد اب حج در خواستوں کی وصولی کا شیڈول جا ری کیا جا ئے گا۔ وزارت مذہبی امور نے درخواستوں کی وصولی کیلئے بینکوں کے انتخاب کیلئے خواہش مند بینکوں کا انتخاب کر لیا۔ حج پالیسی کے مطابق حج کوٹہ گورنمنٹ سکیم اور پرائیویٹ حج سکیم میں 50فی صد کے تناسب سے تقسیم ہوگا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف سے ایرانی وزیر خارجہ عباسی عراقچی نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اﷲ خامنہ ای اور صدر مسعود پز شکیان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے پاک ایران برادرانہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں مشرق وسطیٰ کے خطے کی تشویشناک صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور جدوجہد کی حمایت کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے فلسطینی عوام کیخلاف اسرائیل کی جاری نسل کشی مہم کی مذمت کی۔ وزیراعظم نے غزہ میں فوری جنگ اور انسانی امداد فراہمی پر زور دیا۔ وزیراعظم نے 26 اکتوبر 2024ء کو ایران پر اسرائیلی حملے کی مذمت کی۔ وزیراعظم نے ایران کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ کیا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستان کے اصولی مؤقف پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے وزیراعظم کو خطے کی صورتحال پر ایرانی نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔ دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں کمرشل سنٹر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے دو منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا جو منصوبہ 6 ماہ میں مکمل ہونا تھا وہ 3 ماہ میں مکمل ہو جائے گا۔ سرینا چوک کا منصوبہ 60 روز میں مکمل ہو جائے گا۔ جبکہ 6 ماہ میں مکمل ہونے والا ایف 9 کا منصوبہ 100 دنوں میں مکمل ہو گا۔ یہ منصوبے اسلام آباد کی ترقی کا آغاز ہیں۔ ایس سی او کانفرنس کامیابی سے اختتام پذیر ہوئی۔ وزیر داخلہ‘ وزیر اطلاعات‘ علی رندھاوا کی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ ایس سی او اجلاس میں شریک سربراہان نے اسلام آباد کی خوبصورتی کی تعریف کی۔ میں نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کیا جائے۔ اسلام آباد انتظامیہ نے ایس سی او اجلاس کے موقع پر بہترین کام کیا۔ اسلام آباد کی خوبصورتی کو 12 مہینے رہنا چاہئے۔
جج پالیسی منظور توانائی کے حوالے سے ضلد اچھی خبر دیں گے : وزیراعظم
Nov 06, 2024