اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) پاکستان اور ایران نے سرحدی امور، دہشت گردی سمیت مشترکہ چیلنجز سے مل کر نمٹنے پر اتفاق کیا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ غزہ میں اسرائیل کی جانب سے عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔ مشرق وسطیٰ میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ سے خطے کی صورت حال کے حوالے سے گفتگو ہوئی ہے۔ ہماری بات چیت میں عالمی برادری سے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اسرائیلی حملے ایران کی خود مختاری کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔ دہشت گردی کے ذریعے خودارادیت کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔ مسئلہ کشمیر کو پرامن انداز میں حل کرنے کی ضرورت ہے۔ مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی پاکستان اور ایران دونوں ملکوں کے لیے مشترکہ چیلنج ہے۔ عباس عراقچی نے کہا ہے پاکستان کا مسئلہ فلسطین پر واضح اور دو ٹوک مؤقف ہے۔ اقوام عالم فلسطین میں جاری نسل کشی رکوانے میں ناکام رہیں۔ خطے میں اسرائیلی جارحیت رکوانے کے لیے اجتماعی کاوشیں درکار ہیں۔ پاکستان فلسطین اور لبنان کے مہاجرین کی انسانی بنیادوں پر مدد کررہا ہے۔ دہشت گردی دونوں ملکوں کے لیے مشترکہ چیلنج ہے۔
پاکستان اور ایران کا سرحدی امور ، دہشتگر دی مشترکہ سمیت چیلنجز سے مل کر تمٹنے پر اتفاق
Nov 06, 2024