لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اورآسٹریلیا کے مابین ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم میلبورن سے ایڈیلیڈ پہنچ گئی ۔قومی سکواڈ نے گزشتہ رو ز آرام کیا جبکہ آج ایڈیلیڈ اوول میں پریکٹس کرے گا۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ون ڈے 8نومبر کو ایڈیلیڈ میں ہوگا۔ دوسرے ون ڈے میں دونوں ٹیموں میں تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔قومی فاسٹ بائولر نسیم شاہ کی دوسرے ون ڈے میں شرکت مشکوک ہے۔ وہ میلبورن میں ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہو کر اپنے کوٹے کے 10 اوورز بھی مکمل نہ کرا سکے تھے اور آٹھواں اوور ادھورا چھوڑ کر میدان سے باہر چلے گئے تھے۔دوسرے ون ڈے میں نسیم شاہ کی جگہ ایک سپنر کو شامل کیا جا سکتا ہے تاہم اس کا حتمی فیصلہ ایڈیلیڈ کی پچ دیکھ کر کیا جائیگا۔ پاکستان کے سکواڈ میں لیفٹ آرم رسٹ سپنر فیصل اکرم اور عرفات منہاس شامل ہیں۔سپنر کھلانے کی صورت میں فاسٹ بائولرز نسیم شاہ اور محمد حسنین میں سے ایک کو آرام دیئے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ نسیم شاہ کریمپس کا شکار ہوئے تھے، اب بہتر محسوس کررہے ہیں،اگلے میچ میں نسیم شاہ کو آرام دیئے جانے کا زیادہ امکان ہے ۔آسٹریلیا کو دوسرے ون ڈے میں اپنے ریگولر کپتان پیٹ کمنز دستیاب نہیں ہوں گے، ان کی جگہ سٹیوسمتھ کپتانی کی ذمے داری نبھائیں گے جبکہ پلیئنگ الیون میں جوش ہیزل ووڈ کی واپسی کا امکان ہے۔ تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔
آسٹر یلیا کیخلاف دوسراون ڈے : قومی ٹیم ایڈ ہلیڈ پہنچ گئی ، دونوں ٹیموں میں تبدیلیوں کا امکان
Nov 06, 2024