قصور (نمائندہ نوائے وقت) ڈپٹی کمشنر قصور کیپٹن ریٹائرڈ اورنگزیب حیدر خان کی زیر صدارت ضلع میں ریت کی اوورچارجنگ اور غیر قانونی نکاسی روکنے کے حوالے سے جائزہ اجلاس ڈی سی کمیٹی روم میں ہوا۔ اجلاس میں ڈی پی او محمد عیسیٰ خان سکھیرا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو رانا موسیٰ طاہر، ڈپٹی ڈائریکٹر مائینز اینڈ منرلز لاہور تنویر احمد لغاری، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عمر اویس، اسسٹنٹ کمشنر قصور عطیہ عنایت مدنی، ڈی ایس پیز سیف اللہ بھٹی، محمد خلیل، پاکستان رینجرز اور دیگر محکموں کے افسروں نے شرکت کی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر مائینز اینڈ منرلز نے اجلاس کو بریفنگ میں بتایا کہ ضلع قصور کے عام صارفین کیلئے تمام اخراجات، ٹیکسز، لوڈنگ ان لوڈنگ شامل کر کے ریت 2470 روپے فی سینکڑایا 24.70 روپے فٹ کا ریٹ مقرر ہے۔ ریت کی منافع خوری اور غیر قانونی نکاسی میں ملوث افراد کو 45 ہزار روپے سے لیکر 5لاکھ روپے تک جرمانہ اور 3سال قید یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ریت کا کاروبار کرنیوالے تمام افراد مقرر ریٹ نمایاں جگہوں پر آویزاں کرنے کے پابند ہونگے۔ خلاف ورزی کرنیوالوں کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا۔
قصور: ریت کی اوورچارجنگ ‘ غیر قانونی نکاسی روکنے کے حوالے سے جائزہ اجلاس
Nov 06, 2024