مسلح پی ٹی آئی ایم پی اے گھرگھس آیا‘ مقدمہ درج کیا جائے: سابق ڈائریکٹر مائنز 

Nov 06, 2024

لاہور (نامہ نگار) سابق ڈائریکٹر مائنز اینڈ منرل کیپٹن (ر)  ارشد منظور نے ایس پی سول لائنز کو پی ٹی آئی کے ایم پی اے رانا عبدالزاق کے خلاف مسلح ہو کر گھر میں گھسنے اور دھمکیاں دینے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کرنے کی درخواست دے دی کہ میں جی او آر ٹو بہاولپور ہاؤس میں رہائش پذیر ہوں۔ ایم پی اے رانا عبدالرزاق سفید گاڑی میں زبردستی میری رہائش گاہ میں  گھس آیا۔ جب میں نے اس سے معلوم کیا تو اس نے اپنا تعارف پی پی 117 فیصل آباد سے پی ٹی آئی کے ایم پی اے کے طور پر کرایا۔ جب میں نے اس کے غیر قانونی طور پر گھر میں داخلے پر اعتراض کیا تو رانا عبدالرزاق نے میرے ساتھ گالی گلوچ شروع کر دی اور پسٹل نکال کر مجھے قتل کی دھمکی دی۔ درخواست گزار کے مطابق وہ جب مائنز اینڈ منرل ڈیپارٹمنٹ میں تعینات تھا تو اس دوران پی ٹی آئی کے ایم پی اے رانا عبدالرزاق ضلع خوشاب اور چکوال میں راک سالٹ مائنز پر اپنے غیر قانونی قبضے کے مقدمات کی سماعت کے لئے میرے سامنے کئی بار پیش ہوا اور مجھ سے مفاد عامہ کے خلاف فائدہ حاصل کرنے کے لیے کوشش کی تھی۔ ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب پہلے ہی ان کے خلاف انکوائری کر رہے ہیں۔ میری جان کو شدید خطرہ لہٰذا ملزم کے خلاف کارروائی کی جائے۔

مزیدخبریں