لاہور( خبر نگار)قومی احتساب بیورو نے وزیر اعظم شہباز شریف اور سابق وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس اینٹی کرپشن عدالت میں جمع کرا دیا ۔نیب ترمیم آرڈننس کے بعد نیب عدالت نے ریفرنس اینٹی کرپشن عدالت کو بھجوایا ہے۔سینئر اسپیشل جج اینٹی کرپشن سردار محمد اقبال ڈوگر نے ریفرنس پر سماعت کی ۔دوران سماعت سابق وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے عدالت کے روبرو جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے ان کے نمائندے انوار حسین نے پیش ہوکر حاضری مکمل کروائی ۔ اس موقع پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے وکیل نے نیب ترمیمی آرڈیننس کی کاپی عدالت میں پیش کی۔ وکیل امجد پرویز نے کہا کہ نیب ترمیمی آرڈیننس کی روشنی میں اینٹی کرپشن ریفرنس پر سماعت کا دائرہ اختیار رکھتی ہے ۔ جج اینٹی کرپشن نے استفسار کیا کیا اس ریفرنس میں فرد جرم عائد ہوچکی ہے ۔ وکیل امجد پرویز نے کہا کہ اس میں فرد جرم عائد ہوچکی ہے اور چار گواہ بھی ہوئے ہیں۔جج نے کہا کہ نیب عدالت کے فرد جرم کو ہم کیسے آگے چلا سکتے ہیں ۔ امجد پرویز نے کہا کہ میں اعلی عدالتوں کے فیصلوں کی نقول دیتا ہوں اس کے بعد عدالت نے فرد جرم عائد کرنی ہے تو کرسکتی ہے ۔حمزہ شہباز خود موجود ہیں اور شہباز شریف کے نمائندے کی موجودگی میں آپ فرد جرم عائد کرسکتے ہیں ۔جج اینٹی کرپشن نے کہا کہ ابھی ہم نے دیکھنا ہے ریفرنس پر سماعت کا ہمارے پاس اختیار ہے یا نہیں ۔عدالت نے عدالتی دائرہ اختیار کا جائزہ لینے کے لیے کارروائی کچھ دیر تک ملتوی کردی ۔
شہباز شریف ، حمزہ کیخلاف رمضان شوگر مل ریفرنس اینٹی کرپشن عدالت میں جمع
Nov 06, 2024