طلبہ کو ہراساں کرنے کی درخواست‘ ہائیکورٹ نے تحریری حکم جاری کر دیا

لاہور (خبر نگار) تعلیمی اداروں میں طلبہ کو ہراساں کرنے کے معاملہ اور تحفظ کے لئے قانون سازی سے متعلق درخواست کی سماعت کا تحریری حکم جاری کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ہائیکورٹ نے سیکرٹری سکولز ایجوکیشن کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا،چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو کو 21 نومبرکوبھی ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کاحکم دیا، عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو عدالت کو چائلڈ پروٹیکشن پالیسی پر آگاہ کریں۔ کمیٹی کی سفارشات، کارکردگی آئندہ سماعت پر پیش کی جائیں۔ وفاقی و پنجاب حکومت کے لاء افسر کمیٹی کے کنوینئر کی معاونت کریں۔ جسٹس جواد حسن نے شہری خاتون صباح فاروق کی درخواست پر تحریری حکم جاری کیا جو  7 صفحات پر مشتمل ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل محمد عثمان و دیگر افسر جبکہ سپیشل سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، چائلڈ پروٹیکشن بھی پیش ہوئے۔ تحریری حکم میں کہا گیا کہ سیکرٹری سکولز ایجوکیشن کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی جائے ، رولز آف بزنس کی رو سے سیکرٹری محکمہ کے تمام انتظامی امور کا سربراہ ہوتا ہے۔ رولز، پالیسی اور قانون سازی سیکرٹری کی ذمہ داری میں شامل ہے۔

ای پیپر دی نیشن