وفاق اور صوبہ جب تک ایک پیج پر نہ ہوں سکیورٹی بہتر نہیں ہوسکتی : پشاور ہائیکورٹ 

پشاور (آئی این پی) پشاور ہائیکورٹ نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے سکیورٹی کے حوالے سے پیشرفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے ریمارکس میں کہا ہے کہ وفاق اور صوبائی حکومت جب تک ایک پیج پرنہ ہوں سکیورٹی بہتر نہیں ہوسکتی۔ چیف جسٹس نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری سے استفسارکیا کہ اب تک کیا پیشرفت ہوئی ہے اس حوالے سے بتائیں؟۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری عابد مجید نے جواب دیا کہ ہم نے وفاق کے ساتھ اس معاملے کو اٹھایا اور اس حوالے سے دو اجلاس ہوئے ہیں۔ ایڈووکیٹ جنرل نے جواب دیا کہ اجلاس کے حوالے سے منٹس بھی جمع کیے ہیں، ججز اور عدالتوں کی سکیورٹی کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں اور جو ایس او پیز ہے اس پر بھی نظرثانی کی جارہی ہے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ ججز کی سکیورٹی کے حوالے سے ایک کمیٹی بنائی جائے جس میں جوڈیشل افسران اور بار کونسل کے نمائندے شامل ہوں۔ چیف جسٹس نے کہا سکیورٹی کی وجہ سے ہم نے دو اضلاع میں عدالتی کام بند کیا ہے، خیبر پی کے پولیس نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہے، 23 ہزار پولیس جوان شہید ہوئے، دنیا کی تاریخ میں پولیس فورس نے اتنی قربانیاں نہیں دیں۔ یہ پولیس والے بھی کسی کے بیٹے ہیں۔ سکیورٹی کی فراہمی وفاقی حکومت کی بھی ذمہ داری ہے، وفاقی حکومت خود کو صوبے کی سکیورٹی سے مبرا نہ سمجھیں، وفاق سکیورٹی آلات کی فراہمی بھی یقینی بنائے۔

ای پیپر دی نیشن