پشاور(آئی این پی )وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈا پور نے سرکاری عمارتوں کی سولرائزیشن کے منصوبے کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کا حکم دے دیا۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی زیرصدارت سرکاری عمارتوں کی سولرائزیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں مشیر خزانہ مزمل اسلم سمیت کمیٹی کے دیگر ممبران نے شرکت کی ۔دوران اجلاس وزیراعلی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہسپتالوں، سکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں، جیلوں اور پولیس سٹیشنز کی سولرائزیشن کی جائیگی، دیگرسرکاری دفاتر، ٹیوب ویلز اور سٹریٹ لائٹس کو بھی سولرانرجی پر منتقل کیا جائے گا، سرکاری عمارتوں اور ان کی بجلی کی ضروریات کا ڈیٹا اکھٹا کرہے ہیں، اب تک 13 ہزار یونٹس کا ڈیٹا اکٹھا کیا جاچکا ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ 13 ہزار یونٹس کی سولرائزیشن کے لئے 73 ہزارمیگاواٹ سولرسسٹم درکار ہیں، ان یونٹس کی سولرائزیشن سے سالانہ 92 ملین یونٹس شمسی بجلی پیدا ہوگی، یہ منصوبہ 10 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا، بجلی بلوں کی مد میں تقریبا 2 ارب روپیسالانہ بچت ہوگی۔وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے متعلقہ حکام کو منصوبے کو جلد سے جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے پرعملدرآمد کے لئے ہوم ورک کم سے کم وقت میں مکمل کیا جائے، مساجد اور مدارس کی سولرائزیشن منصوبے پر بھی جلد عملدرآمد شروع کیا جائے، منصوبے کے تحت صوبے میں 7 ہزارمساجد اور 3 ہزارمدارس کی سولرائزیشن کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ کے پی کا سولرائزیشن منصوبے کو حتمی شکل دینے کا حکم
Nov 06, 2024