اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) حکومت نے اقتصادی اصولوںکے پیش نظر آئندہ بجٹ میں ٹیکسوں میں مزید اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ بات وزیر اعظم کے معاون رانا احسان افضل نے وزارت موسمیاتی تبدیلی کے اشتراک سے منعقدہ پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی کی سالانہ کانفرنس کے دوسرے دن ’’قرض، اقتصادی انصاف اور ترقی‘‘ کے موضوع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سنجیدہ مالیاتی اصلاحات کر رہی ہے تاکہ عالمی مالیاتی فنڈکے پچیسویں پروگرام کو مکمل کیا جا سکے اور یہ ملک کیلئے آخری ْپروگرام ثابت ہو گا۔ رانا احسان افضل نے بیرونی قرضوں میں اضافے کی وجہ کھپت پر انحصار کرنے والی معیشت کو قرار دیا۔ قومی اسمبلی کے رکن اور متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ حکومت، سیاسی جماعتوں اور اپوزیشن کے مابین عدم قبولیت کی صورتحال پالیسی سازوں کو معاشی بحالی کیلئے اصلاحی اقدامات سے روک رہی ہے۔