ہیلتھ سروسز اکیڈمی صحت عامہ کی بہتری کیلئے اہم کردار ادا کر رہی: یوسف رضا گیلانی

Nov 06, 2024

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے صحت کی سہولیات تک عوام کی رسائی یقینی بنانے کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بنیادی طبی سہولیات ان لوگوں تک پہنچنا ضروری ہے جنہیں ان کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، شہریوں کو بنیادی طبی سہولیات کے ساتھ صحت مند ماحول کی فراہمی بھی ضروری ہے، تمام شہریوں کو یکساں، سستی و معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ہماری ترجیح ہے۔ وہ ہیلتھ سروسز اکیڈمی (ڈگری ایوارڈڈ انسٹی ٹیوٹ) میں دو روزہ 14ویں سالانہ بین الاقوامی عوامی صحت کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ قائم مقام صدر نے کہا کہ ہیلتھ سروسز اکیڈمی صحت عامہ کی بہتری کیلئے اہم کردار ادا کر رہی ہے، اس ادارے کا آنے والی نسل کو طبی شعبے میں ہنرمند بنانے میں کلیدی کردار ہے۔ دریں اثناء قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے وفاقی محتسب کے احکامات کے خلاف درخواستوں کی سماعت کے بعد اظہار خیال کیا۔ اس موقع پر درخواستوں پر کارروائی اور فیصلہ کرنے کے لیے صدر پاکستان کے نامزد امیدوار جسٹس (ر) عرفان قادر بھی موجود تھے۔ قائم مقام صدر مملکت نے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ میں صدر پاکستان نے اپنے نامزد امیدوار کے ذریعے سینکڑوں مقدمات کا فیصلہ کیا۔

مزیدخبریں