متاثرین میں گھروں کے ملکیتی کاغذات تقسیم کر کے خوشی ہوئی ہے: وزیراعظم

گلگت بلتستان:  وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کی ترقی و خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے وفاقی حکومت سرگرم عمل ہے۔گلگت بلتستان کے ایک روزہ دورے کے دوران سیکرٹریٹ آمد پر شہباز شریف کو روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے پھول پیش کیے جبکہ چیف منسٹر سیکرٹریٹ گلگت بلتستان میں ان کے اعزاز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا. وزیراعظم نے چیف منسٹر سیکرٹریٹ گلگت بلتستان میں یادگار شہداء پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں امن کے قیام اور لوگوں کے جان و مال کی حفاظت کے لیے گلگت بلتستان اسکاؤٹس کے نڈر نوجوانوں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ غذر کے بوبر گاؤں میں 2022 کے سیلاب متاثرین کیلئے تعمیر شدہ گھروں کے افتتاح کی تقریب میں شرکت کی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگست 2022 میں یہاں آیا تو ہر طرف تباہی کا منظر تھا۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں سیلاب سے پورا گاؤں متاثر ہوا تھا. وہ دن تاریخ کا افسوسناک دن تھا، سب غمگین تھے. آج نئی بستی کی تعمیر سے یہاں پر خوشی کا سماں ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ گھروں کی تعمیر کے لیے سب ادارے، انتظامیہ داد کے مستحق ہیں. معیاری گھروں کی تعمیر لائق تحسین ہے.متاثرین میں گھروں کے ملکیتی کاغذات تقسیم کر کے خوشی ہوئی ہے. قندیل کے لیے 50 لاکھ کا انڈومنٹ فنڈ 67 لاکھ پر پہنچ گیا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ماڈل ولیج میں اسکول، معیاری ڈسپنسری کی تعمیر شروع کی جائے. ڈسپنسری میں سہولیات ہنگامی بنیادوں پر فراہم کی جائیں۔وزیراعظم کی گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان سے علیحدہ علیحدہ ملاقات ہوئی جس میں گلگت بلتستان کے امور کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔گورنر و وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے وزیراعظم کو ملک میں حالیہ معاشی استحکام پر خراج تحسین پیش کیا، دونوں رہنماؤں نے گلگت بلتستان میں متعدد ترقیاتی منصوبوں کے سنگ بنیاد و افتتاح کے لیے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان نے وزیر اعظم شہباز شریف کو روایتی چغہ اور ٹوپی کا تحفہ پیش کیا۔

ای پیپر دی نیشن