سابق امیر جماعتِ اسلامی قاضی حسین احمد نے کہا ہے کہ حکومت کو تب تک بھارت سے کسی قسم کے کوئی مذاکرات نہیں کرنے چاہئیں جب تک وہ کشمیر کو اٹوٹ انگ کہنے کی رٹ نہ ختم کر دے

ایوانِ کارکنان تحریکِ پاکستان لاہور میں حقِ خودارادیت کشمیر کانفرنس کے آخری روزسیشن سے خطاب کرتے ہوئے قاضی حسین احمد نے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف کا سب سے بڑا جرم یہی تھا کہ انہوں نے کشمیر کی آزادی کی جنگ کو دہشت گردی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمران ذہنی طور پر انگریزوں کے غلام ہیں۔ ان سے چھٹکارا پا کر ہی کشمیر آزاد کروایا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ سازشی عناصر زبان کی بنیاد پر ہمیں تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔ قبائلی علاقوں کے عوام محبِ وطن پاکستانی ہیں۔
اس موقع پر ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی رانا مشہود احمد نے کہا کہ ہم نے اب سے پہلے کبھی فوجی ڈکٹیٹر برداشت نہیں کیا تو سول ڈکٹیٹر بھی برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افغان پالیسی اور قبائلی علاقوں میں ڈرون حملوں کی وجہ سے ہماری سلامتی خطرے میں ہے۔ اس موقع پر چیئرمین نظریہ پاکستان ٹرسٹ مجید نظامی، وائس چیئرمین ڈاکٹررفیق احمد، پروفیسر ہمایوں احسان، منیب اقبال اور نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے دیگرعہدیداران بھی موجود تھے۔

ای پیپر دی نیشن