”امریکہ پاکستان کے معاملات میں کھلی مداخلت کررہا ہے“ کراﺅلی کے بیان پر پاکستانی سیاستدانوں کا شدید ردعمل

Oct 06, 2010

سفیر یاؤ جنگ
لاہور(خصوصی رپورٹر) سیاسی رہنماﺅں نے امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان پی جے کراﺅلے کے اس بیان کو پاکستان کے معاملات میں مداخلت قرار دیا ہے کہ پاکستانی عوام ایسی حکومت چاہتے ہیں جو مسائل حل کرسکے اور امریکہ حکومت پاکستان کے استحکام کیلئے ضروری اقدامات اٹھا رہا ہے۔ تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے منگل کو نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکومت کی مشکلات کا سبب خود امریکہ ہے۔ پاکستان کے معاملات میں امریکہ کی کھلی مداخلت سے موجودہ حکومت کو عوام کی نظروں سے گرا دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ افغانستان سے نکل جائے اور پاکستان وپاکستانیوں کو اپنے حال پہ چھوڑ دے تو پاکستان نہ صرف مستحکم ہوجائے گا بلکہ عوام کی خوشحالی کی منزل حاصل کرنے کیلئے موجودہ حکومت اقدامات بھی کرسکے گی۔ استقلال پارٹی کے چیئر مین سید منظور علی گیلانی نے کہا کہ امریکہ اور نیٹو پاکستان کے معاملات میں جس طرح کھلی مداخلت کر رہے ہیں اس سے پاکستان کی خود مختاری خطرے میں پڑ چکی ہے۔ انہوں نے امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان کی واشنگٹن میں بریفنگ کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں کھلی مداخلت قراردیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس پر امریکہ سے احتجاج کرے۔ انہوں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے نیٹو کی پاکستانی حدود کی فضائی خلاف ورزی پر احتجاج کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ حکومت پاکستان اپنی ذمہ داری کا اس طرح بھی احساس کرے تو غیر ملکی مداخلت کا راستہ روکا جاسکتا ہے۔
مزیدخبریں