شدید اذیت،تڑپ،بے چینی،بیقراری ،موت کا خوف،اپنے لوگوں سے بچھڑنے کا تکلیف دہ لمحہ اور ہر لمحہ گناہوں کا پچھتاوا بے بسی،بے کسی اور شدید درد میں مبتلا کینسر یا دوسرے موذی اور جان لیوا امراض میں مبتلا مریضوں کو اُنکے محبت کرنے والے اپنی آنکھوں کے سامنے تکلیف میں زندگی کی روشنی گل ہوتے دیکھتے ہیں۔ اس عمل کو راحت،سکون اور تکلیف سے نجات دلانے کیلئے میں نے کینسر ہسپتال میں 11 سال تک اس جذبے سے کام کیا تاکہ ایڈوانس سٹیج کے مریضوں کا بھی علاج ہوسکے لیکن پاکستان میں تو کوئی بھی ایسا ہسپتال نہیں ہے جہاں پر ایڈوانس سٹیج کے مریضوں کا شدید درد سے نجات دلانے کیلئے علاج ہوسکے۔
چلڈرن ہیلتھ اینڈ ایجوکیشن فاﺅنڈیشن کے 40ہیلتھ کیئر سینٹر پورے پاکستان میں قیام کے ساتھ سکولوں اور موبائل ہیلتھ کیئر سروس کے قیام کے بعد اب اللہ تعالیٰ نے مجھے اتنی ہمت دی ہے کہ لاہور میں ایک مکمل نیا کینسر ہسپتال بنایا جارہا ہے جس میں علاج کیلئے آنے والے ہر کینسر کے مریض کو یہ کہہ کر بلیک وارنٹ نہ دیاجائیگا کہ آپکا مرض ایڈوانس سٹیج پر ہے اور اسکا کوئی علاج بھی ممکن نہیں اور اب صرف دعا کا وقت ہے علاج کا نہیںاور بیچارہ غریب مریض نہایت ہی تکلیف دہ حالت میں اپنے مالک حقیقی سے جا ملتا ہے جبکہ اسکے محبت کرنے والوں کے گھر اور زیورات تک بک جاتے ہیں اور وہ مالی تنگ دستی کے کینسر میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔اسی دوران پروفیسر ڈاکٹر شہریار جو کہ کینسر کے نہایت مشہور ڈاکٹر ہیں جنکی تعلیمی قابلیت اور ڈگریاں ان کے تجربے کا خود منہ بولتا ثبوت ہیں، سے ملاقات ہوئی جنہوں نے جناح ہسپتال اور میو ہاسپیٹل میں کینسر کے مکمل ڈپارٹمنٹ قائم کئے اب ہم دونوں نے نہایت ہی تجربے کار شخصیات پر مشتمل بورڈ کے ممبران کے ساتھ مل کر ایک کینسر ہسپتال کی بنیاد ڈالی ہے۔ کینسر ریسرچ اور ٹریٹمنٹ فاﺅنڈیشن کے قیام میں پاکستان کے مشہور انکولوجسٹ اور بزنس مین شامل ہیں اور ہمارے لئے یہ ایک اعزاز کی بات ہے کہ ہم آپ جیسے شاندار لوگوں کو کینسر ہسپتال کے قیام اور تعمیر میں شمولیت کی درخواست کر رہے ہیں کہ آپ کی مالی معاونت اور رہنمائی سے ایک بڑے کینسر ریسرچ اینڈ ٹریٹمنٹ ہسپتال کی تعمیر میں بہت مدد دے گی۔اللہ تعالیٰ آپ سب کو کینسر جیسے موذی اور نہایت ہی تکلیف دہ اذیت ناک مرض سے محفوظ رکھے۔