گستاخانہ فلم کے خلاف دینی جماعتوں کا یوم احتجاج‘ لاہور‘ گوجرانوالہ سمیت کئی شہروں میں ریلیاں

Oct 06, 2012

لاہور + فیصل آباد (خصوصی نامہ نگار + نمائندہ خصوصی + نامہ نگاران) تحریک حرمت رسول، تحریک ناموس رسالت، جماعة الدعوة ، جمعیت علماءپاکستان، سنی اتحاد کونسل، ورلڈ پاسبان ختم نبوت سمیت مختلف تنظیموںکی جانب سے تحفظ ناموس رسالت میںاور توہین آمیز امریکی فلم کے خلاف ملک گیر احتجاج کا سلسلہ جاری رہا اور جمعہ کو بھی یوم احتجاج کے طور پر منایا گیا، لاہور، گوجرانوالہ، حافظ آباد، فیصل آباد سمیت کئی شہروں میں ریلیاں بھی نکالی گئیں۔ لاہور ، فیصل آباد نارووال، سیالکوٹ، ہری پور، قصور،گوجرانوالہ، وہاڑی،حیدر آبا، رحیم یار خان،کراچی اور دیگر شہروں میں نماز جمعہ کے بعد مساجد کے باہر پر امن مظاہرے، مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں اور شرکاءنے حرمت رسول پر جان بھی قربان کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ تحریک منہاج القرآن کی اپیل پر گذشتہ روز ملک بھر میں یوم عظمت مصطفی منایا گیا اور ریلیاں نکالی گئیں۔ تحریک حرمت رسول اورجماعة الدعوة نے ملک بھر میں بھرپور تحریک جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ رہنما¶ں نے کہا کہ حکمرانوں کا گستاخانہ فلم کے خلاف مذمتی قرارداد پاس کر کے خاموشی سے بیٹھ جانا مسئلہ کا حل نہیں، اسلامی ملکوں کا سربراہی اجلاس بلا کر مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جائے، صلیبیوں و یہودیوں کی گستاخیاں روکنے کے لئے مسلمان جہاد کا راستہ اختیار کریں، لاہور میں ورلڈ پاسبان ختم نبوت کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرے میں امریکی پرچم نذر آتش کیا گیا، شدید نعرے بازی کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ میں بننے والی گستاخانہ فلم اور یورپی اخبارات میں گستاخانہ مواد کی اشاعت کے خلاف تحریک حرمت رسول پاکستان میں شامل مذہبی جماعتوں نے گزشتہ روز بھی ملک بھر کے مختلف شہروں میں احتجاج کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کیا۔ فیصل آباد میں جماعة الدعوة کی طرف سے مرکز خیبر نشاط آباد سے چوک گھنٹہ گھر تک حرمت رسول کاررواں نکالا گیا جس میں شہر بھر سے سکولز، کالجزاور یونیورسٹیز کے طلبا، وکلا، تاجروں، سول سوسائٹی اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے بھرپور انداز میں شرکت کی‘ امیر جماعة الدعوة حافظ محمد سعید کی قیادت میں نکالے گئے کاررواں میں شرکا کی طرف سے ملعون پادری ٹیری جونزاور امریکہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی‘ اس موقع پر ٹیری جونز اور گستاخ یہودی فلمساز سام بسائیل سمیت دیگر فلم بنانے اور چلانے والوں کو پھانسی دینے کا مطالبہ کیا گیا۔ حرمت رسول کاررواں کے چوک گھنٹہ گھر پہنچنے پر ایک بڑے جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا جس سے امیر جماعة الدعوة پروفیسر حافظ محمد سعید، حافظ عبدالرحمان مکی، مولانا امیر حمزہ، مولانا محمد یوسف انور، افضل قادری، مولانا محمد امجد، قاری محمد حنیف بھٹی، مولانا محمد طیب معاذ، طلال چودھری، اسماعیل سیلا، حاجی عابد قمر، شیخ بشیر، مزمل اقبال ہاشمی، ڈاکٹر سلطان عبداللہ و دیگر نے خطاب کیا۔ پروفیسر حافظ محمد سعید نے کاررواں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر اوباما توہین آمیز فلم بنانے اور خاکے شائع کرنیوالوںکو شہ دے رہا ہے۔ مسلم حکمرانوں کو چاہئے کہ وہ اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل میں انبیاءکی شان میں گستاخی کرنےوالوںکے لئے موت کی سزا کا قانون پاس کروائیں اگر وہ اس بات پر تیار نہیں ہوتے تو امریکہ کا سفارتی بائیکاٹ کیا جائے۔ مولانا امیر حمزہ نے کہا کہ سام بسائل یہودی نے ٹیری جونز کے ساتھ فلم بنا کر گستاخی کا ارتکاب کیا‘ انہوں نے کہا کہ تحفظ حرمت رسول کے مسئلہ پر تمام مذہبی جماعتیں اور عوام متحد ہیں‘ دیگر رہنما¶ں و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ شان رسالت میں گستاخیاں کرنے والوں کو پھانسی کے پھندے پر نہ لٹکایا گیا تو مسلمانوں اور صلیبیوں کے درمیان ٹکراﺅ کے ذمہ دار امریکہ و یورپی ممالک کے حکمران، پوپ، پادری اور صلیبیوں کے مذہبی پیشوا ہوں گے۔ فیصل آباد میں جماعت اسلامی نے بھی احتجاجی مظاہرہ کیا۔ گجرات سے نامہ نگار کے مطابق نیک آباد میں ناموس رسالت کے سلسلہ میں ریلی نکالی گئی، امیر اہلسنت پیر محمد افضل قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستان ناموس رسالت کے مسئلے پر او آئی سی کا یک نکاتی اجلاس فوراً بلائے اور بین الاقوامی سطح پر توہین انبیاءکے انسداد کے لئے لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔ تحریک منہاج القرآن کی اپیل پر لاہور، کراچی، راولپنڈی، اسلام آباد، ملتان، ڈیرہ غازیخان، حیدر آباد، سکھر، سرگودھا اور فیصل آباد سے نماز جمعہ کے بعد نکالی گئیں پر امن ریلیوں میں ہزاروں مرد و خواتین کے علاوہ بچوں کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔ لاہور میں تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ ”جامع المنہاج ماڈل ٹاﺅن“ سے یوم عظمت مصطفی کے سلسلے میں توہین آمیز فلم کے خلاف نکالی گئی احتجاجی ریلی کی قیادت ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کی جبکہ منہاج القرآن علما کونسل، منہاج القرآن یوتھ لیگ، منہاج القرآن ویمن لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موو منٹ کے مرکزی قائدین کے علاوہ ہزاروں کارکنان بھی ریلی میں شریک تھے۔ ریلی سے احمد نواز انجم، محمد ارشاد طاہر اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔ ریلی تحریک منہاج القرآن کے مرکز ی سیکرٹریٹ سے مین بلیو وارڈ فیصل ٹاﺅن سے ہوتی ہوئی اکبر چوک ٹاﺅن شپ میں جلسے کی صورت اختیار کر گئی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ گستاخانہ فلم کو بنانیوالے پروڈیوسرز، فنانسزز، پروموٹرز، ڈسٹری بیوٹرز اور اداکاروں کو عالمی سطح پر دہشت گردی کو فروغ دینے کے جرم میں فوری گرفتار کر کے مقدمہ چلایا جائے۔ سنی اتحاد کونسل کے پیر محمد اطہر القادری نے محافظ ٹاﺅن لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گستاخانہ فلم بنانے والے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے مجرم ہیں۔ امریکہ مسلمانوں کے مجرموں کو مسلمانوں کے حوالے کرے۔ حاجی محمد حنیف طیب نے کراچی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکومت نے گستاخانہ فلم بنانے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہ کر کے ثابت کر دیا ہے کہ امریکی حکومت توہینِ رسالت کے مجرموں کی سرپرستی کر رہی ہے۔ صاحبزادہ سید مظہر سعید کاظمی نے ملتان کی شاہی عیدگاہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم حکمران توہینِ رسالت کے واقعات کے سد باب کے لئے مشترکہ لائحہ عمل تیار کریں۔ تحریک ناموس رسالت نے بھی یوم مذمت منایا گیا۔ مقررین نے کہا کہ ہم دشمنان اسلام امریکہ، بھارت اور اسرائیل سمیت تمام کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ مسلمانوں کا بچہ بچہ اپنے خون کا نذرانہ دے کر بھی حضور کی عزت و ناموس کا دفاع کرے گا۔ مولانا محمد امجد خان نے جامع مسجد رحمانیہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کفر نے مسلمانوں کے جان اور ایمان سے کھیلنا اپنا وطیرہ بنا لیا ہے۔ پوری دنیا کے مسلمانوں نے احتجاج کے ذریعے ثابت کر دیا ہے کہ مسلمان ناموس رسالت کے لئے خون کا آخری قطرہ بھی بہا دیں گے۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق تحریک منہاج القرآن کی جانب سے ریلی نکالی گئی۔ ماجد سلیم بھٹی، اعظم علی باجوہ اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گستاخانہ خاکے اور فلم سازوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں نہ لائی گئی تو ہم احتجاج جاری رکھیں گے۔ صفدر آباد سے نامہ نگار کے مطابق منہاج القرآن اور سنی تحریک کے زیر اہتمام مسجد خانقیہ سے سید شاہد حسین گردیزی کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔ میلاد چوک میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سید شاہد حسین گردیزی نے کہا کہ گستاخ رسول واجب القتل ہے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق عظمت مصطفی کی ریلی ضلعی آفس تحریک منہاج القرآن گوجرانوالہ ٹرسٹ پلازہ جی ٹی روڈ سے شروع ہوئی اور پریس کلب پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ مقررین سے خطاب کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جلد از جلد عالمی عدالت انصاف میں تحفظ ناموس رسالت قانون بنوانے کے لئے مقدمہ درج کروائے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق منہاج القرآن کے زیر اہتمام جامع مسجد صدیقیہ کالج روڈ سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی فوارہ چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پضر شرکا ریلی نے مطالبہ کیا کہ مذکورہ فلم میں ملوث ملزمان کو پھانسی دی جائے۔ ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر زبیر نے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غلامی رسول اور عشق مصطفی مسلمان کے ایمان کی جان ہے۔ ہم پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم اسلام کی حرمت کو بچانے، حضور کی ناموس کی حفاظت کے لئے میدان عمل میں نکل آئیں۔

مزیدخبریں