کراچی(وقائع نگار) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے پاکستان میں اپنی نوعیت کی پہلی انفارمیشن سروسز بذریعہ موبائل فون کا افتتاح کردیا ہے اس موبائل فون انفارمیشن سروس کو ”رائزنگ کراچی“ کا نام دیا گیا ہے اس سروس کے ذریعے شہر میں موجود تمام سرکاری‘ ہنگامی نوعیت کی معلومات‘ سروسز‘ یوٹیلٹی سروسز‘ ہوٹلوں‘ ریستوران‘ اہم مقامات ایمبولینس سروس‘ فائر بریگیڈ وغیرہ کی معلومات موبائل فون پر دستیاب ہوگی اور ملکی و غیر ملکی باشندوں کو کراچی کے بارے میں موبائل فون کے بٹن دبانے پر مفید اور اہم ترین معلومات فراہم کرے گی رائزنگ کراچی موبائل فون انفارمیشن سروس کی افتتاحی تقریب گورنر ہاﺅس کراچی میں منعقد ہوئی۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے بٹن دباکر سروس کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما سید اویس مظفر المعروف ٹپی بھائی جان‘ صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن‘ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر صغیر احمد‘ ایڈمنسٹریٹر‘ کراچی محمد حسین سید‘ پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر سندھ پروفیسر نوشاد شیخ اور رائزنگ کراچی موبائل فون سروس تیار کرنے والی کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر محمد علی ناح بھی موجود تھے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی کو2006ءمیں ہی دنیا کے ٹاپ 12 شہروں میں شامل کرلیا گیا تھا جہاں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں یہاں دہشت گردی کے واقعات نے امن و امان کی صورتحال کو ضرور دھچکا لگایا لیکن ہر شہری پرسکون اور پرامن زندگی گذارنا چاہتا ہے۔ کراچی کے ترقیاتی منصوبہ جلد مکمل ہونے جارہے ہیں لیاری ایکسپریس وے کے فور پراجیکٹ اور سیوریج کے لئے ایس تھری پراجیکٹ کے لئے فنڈز کے اجراءکی ہدایات اور کام شروع کردیا گیا ہے جس کے لئے صدر مملکت‘ وزیر اعظم‘ وزیر اعلیٰ اور سید اویس مظفر کے مشکور ہیں۔ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا کہ دنیا کے میٹرو پولیٹن شہروں کی طرح کراچی کو بھی جدید سہولیات سے آراستہ کیا جارہا ہے۔ مختلف مسائل اور چیلنجز کے باوجود امن و امان میں بہتری اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اداروں کے نظام کو مرکزیت دینے اور ریسکیو 999 کے آغاز سے مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔ سیاسی استحکام کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ شہر میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے مالیاتی مشکلات اور رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی جانب سے خصوصی توجہ دلائے جانے پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے اہم کردار ادا کیا۔ تمام اداروں کی مرکزیت قائم کرنے اور ریسکیو 999 کے آغاز سے قانون کی بالادستی اور مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔
رائزنگ کراچی