بہاول پور (بیورو رپورٹ) تحریک بحالی صوبہ بہاولپور کے قائد سابق وفاقی وزیر محمد علی دُرانی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ بہاولپور کی بحالی ہمارے لئے تما م سیاسی وابستگیوں سے اہم ہے۔اگر قومی سیاسی جماعتیں چاہتی ہیں کہ اہل بہاولپور حسب سابق انکے ساتھ رہیں تو وہ بحالی صوبہ کے قانونی اور آئینی عمل میں رکاوٹ نہ بنیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ بہاولپور صوبے کی فی الفور بحالی کے لئے پنجاب اسمبلی کی متفقہ قرارداد تمام قومی قائدین کا اہل بہاولپور سے کیا گیا عہد ہے جسے ایفا کرنے کے وہ قانونی اور اخلاقی طور پر پابند ہیں ۔ لیکن یہ امر افسوس ناک ہے کہ آج اس قرارداد کا تحفظ کرنے اور اپنا عہد وفا کرنے کی بجائے اس پر سیاست کی جارہی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ پہلے غیر متوازن کمشن بنا کر اُسے متنازعہ بنایا گیا 15اگست کو قائم کیا جانے والا کمشن جسے30 یوم میں اپنی رپورٹ پیش کرنا تھی لیکن آج ڈیڑھ ماہ گزرنے کے بعد بھی اپنے قواعد وضوابط طے نہیں کر سکا۔ محمد علی دُرانی نے اعلان کیا کہ بہاول پور متحدہ محاذکے زیر اہتمام دوسری بہاولپور کانفرنس اگلے ہفتے احمد پور شرقیہ میں منعقد کی جائے گی، پریس کانفرنس سے صدربار ہائی کورٹ بہاولپور محمد یحییٰ خاں بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہاول پور کی املاک کو فروخت کرنے کا عمل فوری طور پر روکا جائے، ملک حبیب اللہ بھٹہ نے کہا کہ ہم چالیس سال سے صوبہ بحالی کے لیے کوشاں ہیں۔
بحالی صوبہ بہاولپور ہمارے لئے تمام سیاسی وابستگیوں سے اہم ہے: محمد علی درانی
Oct 06, 2012