لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے کہا ہے کہ خطے میں بڑھتی ہوئی امریکی مداخلت کو روکنے اور امریکہ کے جلد از جلد خطے سے انخلا کے لیے ضروری ہے کہ چین ، روس ، پاکستان اور ایران سمیت خطے کی دیگر قوتیں یک نکاتی ایجنڈے پر متحد ہو جائیں۔آرمی چیف کیانی کا دورہ روس اور روسی وزیر خارجہ کا پاکستان کا دورہ انتہائی اہم ہے جس کا ہم خیر مقدم کرتے ہیں ، امریکی انخلا کے لیے روس سے مدد لینے میں کوئی حرج نہیں ، اس وقت نیٹو سپلائی کے 15 لاکھ کنٹینرز پاکستان کے مختلف علاقوں میں بکھرے ہوئے ہیں جن کی وصولی کے بغیر امریکی یہاں سے نہیں نکلیں گے۔ بھارت کی پاکستان دشمن خارجہ پالیسی کی ناکامی کے لیے بھی خطے سے امریکی انخلا ضروری ہے۔ منموہن سنگھ مسئلہ کشمیر کو نظر انداز کر کے اندرونی دہشتگردی کے خاتمے کا پاکستان کو مشورہ چو ر مچائے شور والی بات ہے۔ بھارت خود کشمیر میں ریاستی دہشتگردی کر رہاہے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے وہ پاکستان پر دہشتگردی کا الزام لگاتا ہے۔ حکمرانوں کو سمجھ لینا چاہیے کہ اگر انتخابات منصفانہ نہ ہوئے اور پیپلز پارٹی ایم کیو ایم یا اے این پی سمیت کسی نے دھاندلی کی کوشش کی تو عوام ان انتخابات کے نتائج کو قبول نہیں کریں گے۔ حکمرانوں کو خلیجی ریاستوں کی صورتحال سامنے رکھتے ہوئے بدامنی اور انارکی سے بچنے کے لیے منصفانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں نماز جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سید منو ر حسن نے کہاکہ بلوچستان میں بھارتی مداخلت بھی امریکی سرپرستی کی وجہ سے ہے۔ یہود و نصاریٰ کی طرف سے گستاخانہ فلم جیسے واقعات نئے نہیں لیکن آج امت مسلمہ میں صلاح الدین ایوبی ؒ جیسے حکمران نہیں جو ان مکروہ سازشوں کا قلع قمع کر تے۔ حرمت رسول کے جلسے جلوسوں پر تنقید کرنے والی ایم کیو ایم جب احتجاج کی کال دیتی ہے تو ایک دن پہلے ہی درجنوں گاڑیوں، تجارتی مراکز، پٹرول پمپ جلادیئے جاتے ہیں، بنکوں کو لوٹ لیا جاتا ہے اور بیسیوں معصوم انسانوں کو خون میں نہلا دیا جاتاہے۔
خطے سے امریکی انخلاءکیلئے چین، روس، پاکستان، ایران متحد ہو جائیں: منور حسن
Oct 06, 2012