لاہور (وقت نیوز) سیاسی جماعتوں اور صحافتی تنظیموں نے وقت نیوز کے سینیر سپورٹس رپورٹر اعجاز شیخ پر ہوئے تشدد کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے ڈی جی سپورٹس سمیت واقعے میں ملوث تمام افراد کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے وزیر اعلی پنجاب سے تشدد کے ذمہ داروں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے اعجاز شیخ پر تشدد کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کے پاس اوچھے ہتھکنڈوں کے سوا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ تحریک انصاف سپورٹس ونگ کے سربراہ افتخار الہی نے کہا کہ یوتھ فیسٹول صوبائی حکومت کا ڈرامہ ہے اور وہ نہیں چاہتی کہ اسے بے نقاب کیا جائے۔ پیپلز پارٹی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر شوکت بسرا نے کہا کہ مسلم لیگ ن بدعنوانیوں اور تشدد پر اتر آئی ہے۔ صدر پنجاب یونین آف جرنلسٹس رانا عظیم نے ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب سمیت ذمہ داران کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے کہا کہ سرکاری اہلکاروں کی جانب سے صحافیوں پر تشدد معمول بنتا جا رہا ہے۔ چئیرمین ایپنک ناصر نقوی نے کہا کہ ڈی جی سپورٹس عثمان انور نے اپنے گھناو¿نے اعمال چھپانے کے لیے رپورٹر پر حملہ کرایا۔ ایمرا کے صدر نے اعجاز شیخ نے مطالبہ کیا کہ پنجاب حکومت ملزمان کے خلاف کارروائی کرے۔