کشمور کی تحصیل تنگوانی کی تمام یونین کونسلوں میں اب بھی کئی فٹ پانی جمع ہے، ریلوٹ ٹریک اور رابطہ سڑکیں پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں ، جس سے شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ نصیر آباد اور جعفر آباد میں بھی کئی علاقے ایسے ہیں جہاں ابھی تک امدادی ٹیمیں نہیں پہنچی ہیں۔ صاف پانی کی عدم دستیابی،خوراک اور ادویات کی قلت نے سیلاب متاثرین کومزید پریشان کررکھا ہے۔ سیکڑوں تعلیمی ادارے ڈوبنے سے ہزاروں طلبہ کا تعلیمی سال بھی داوٴ پر لگ گیا ہے۔ ڈی جی خان کے علاقوں صدیق آباد، مصطفٰی چوک اور دیگر علاقوں میں ایک ماہ سے تین سے پانچ فٹ سیلابی پانی کھڑا ہے۔ بدبو اور تعفن کی وجہ سے پیٹ، جلد اور آنکھوں کے وبائی امراض نے لوگوں کی زندگی اجیرن کردی ہے۔