اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ طاہرالقادری کی امامت میں نماز عید ادا کروں گا، آج کارکنوں کی بڑی تعداد دھرنے میں آئی، دھرنا اپنے لئے نہیں قوم کیلئے کر رہے ہیں۔ آزادی مارچ کے شرکاء نے قربانی دی۔ بچے، خواتین، نوجوان، بوڑھے آزادی کیلئے نکلے۔ مبارک ہو دھرنے میں آمد پر شرکاء کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ دھرنا وزیراعظم بننے کیلئے نہیں، وزیراعظم بننا ہوتا تو پہلے ہی بن جاتا۔ وزیراعظم بننے کے دوسرے آسان طریقے ہیں۔ نئے پاکستا ن کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں، پاکستان کی آدھی آبادی غذائی قلت کا شکار ہے۔ پسے ہوئے طبقے کیلئے دھرنے پر بیٹھے ہیں۔ نوازشریف دو ماہ اور لے لیں مگر استعفیٰ لیکر ہی رہیں گے۔ کہا گیا کہ لوگ تیسرے یا چوتھے دن دھرنے سے چلے جائیں گے، کوئی بھی قوم قربانی کے بغیر نہیں بنتی۔ جاگی ہوئی قوم کو جعلی مینڈیٹ والا وزیراعظم قبول نہیں۔ نئے پاکستان میں 10 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالیں گے۔ پاکستان 180 ارب ٹن کوئلے پر بیٹھا ہے، کوئلے اور پانی سے سستی بجلی پیدا کی جاسکتی ہے۔ موجودہ حکمران صرف اپنے لئے سوچتے ہیں ذہن سے نکال دیں کہ کسی قسم کی مفاہمت ہوگی۔ نیلسن منڈیلا نے 27 سال جیل کاٹی اور معافی دیکر ملک کو ترقی کے راستے پر ڈالا۔ عمران خان نے گذشتہ روز اپنی سالگرہ منائی۔ چیئرمین تحریک انصاف 62 برس کے ہو گئے ہیں۔