رحمن ملک کی طاہر القادری سے ملاقات، عید کی مبارکباد دی‘مٹھائی پیش کی، سیاسی جرگہ جلد وزیراعظم سے ملے گا: رہنما پی پی پی

Oct 06, 2014

اسلام آباد (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر رحمن ملک نے کہا ہے کہ سیاسی بحران میں آصف علی زرداری کاکردار مثبت ہے۔ ملک کو بہتری کی جانب لے جانا ہوگا، نوازشریف نے خود کہا تھا دھاندلی ثابت ہونے پر مستعفی ہوجائینگے۔ چاہتے ہیں حکومت مدت پوری کرے، عید کے بعد مذاکرات کا دوبارہ آغاز ہوگا، سیاسی جرگہ جلد وزیراعظم محمد نوازشریف سے ملاقات کریگا، جہانگیر ترین سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ سینیٹر رحمن ملک نے عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سے انکے کنٹینر میں ملاقات کی۔ رحمن ملک عیدی کے طور پر مٹھائی اور پھولوں کا تحفہ لیکر طاہر القادری کے پاس انقلاب مارچ کے دھرنے میں پہنچے اور ان کیلئے عید کے حوالے سے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رحمن ملک نے کہا کہ اسوقت ملک میں امن لانا ضروری ہے ، ملک کو بہتری کی جانب لے جانا ہوگا، طاہرالقادری کو عید کی پیشگی مبارکباد دی ہے، دھرنے سے متعلق بھی بات چیت ہوئی ہے، ان سے ہونیوالی باتیں فی الحال نہیں بتا سکتا،انہوں نے کہا کہ عید کے بعد مذاکرات کا دوبارہ آغاز ہوگا اور اس ضمن میں سیاسی جرگہ جلد وزیر اعظم نوازشریف سے ملاقات کریگا جبکہ ہم جہانگیر ترین سے بھی مسلسل رابطے میں ہیں۔ میری ملاقات کے بعد اب عوامی تحریک اور پیپلز پارٹی کے درمیان کوئی تلخ بات نہیں ہو گی۔ سیاسی صورتحال میں آصف زرداری کا مثبت کردار ہے، مسئلے کے حل کیلئے سب کو ملکر بیٹھنا ہوگا کیونکہ مفاہمت تک حالات ٹھیک نہیں ہونگے۔ حکومت اور دھرنے والوں سے ملاقات میں مثبت سوچ سامنے آئی ہے اورمسئلے کے حل میں حکومت کچھ دینے کی پوزیشن میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں حکومت اپنی مدت پوری کرے۔ طاہر القادری نے بلاول بھٹو کے خلاف نوٹس واپس لینے کیلئے کہہ دیا ہے۔

مزیدخبریں