اسلام آباد (آن لائن) وفاقی حکومت نے عام انتخابات سے قبل نگراں حکومتوں کے قیام کے موجودہ طریقہ کار میں تبدیلی کا فیصلہ کرلیا ہے۔وزیراعظم نواز شریف نے انتخابی اصلاحات کمیٹی کے چیئرمین اسحق ڈار کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شامل پارلیمانی جماعتوں سے مشاورت کرکے مزید سفارشات مرتب کریں۔ان سفارشات کی روشنی میں وزیراعظم خود تمام جماعتوں کے قائدین سے حتمی مشاورت کریں گے اور پھرحتمی مسودہ تیارکرکے اس پرپارلیمنٹ میں قانون سازی کی جائے گی۔ذرائع کاکہنا ہے کہ حکومت اس تجویز پرغورکررہی ہے کہ وفاقی اور صوبائی نگراں حکومتوں میں وزیراعظم اور وزرائے اعلیٰ کا انتخاب پارلیمانی کمیٹی کے ذریعے کیا جائے، عبوری سیٹ اپ کے قیام کی پارلیمنٹ اورصوبائی اسمبلیوں سے منظوری لازمی قرار دی جائے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی آئینی مدت کے اختتام سے ایک ماہ قبل عبوری سیٹ اپ کاعمل مکمل کرکے اس کا باضابطہ اعلان کیا جائے۔ نگراں وفاقی حکومت کے لئے سینٹ اور قومی اسمبلی میں موجود پارلیمانی جماعتوں اور صوبائی نگراں حکومتوں کے لئے ان صوبوں کی اسمبلیوں میں موجود جماعتوں پرمشتمل خود مختار کمیٹیاں قائم کی جائیں۔ان کمیٹیوں کے چیئرمینوں کا انتخاب پارلیمانی جماعتوں کے اتفاق رائے سے کیا جائے اوران کمیٹیوں کی رائے کی روشنی میں متفقہ نگراں وزیراعظم اور وزرائے اعلیٰ کے ناموں کااعلان پارلیمنٹ اورصوبائی اسمبلیوں کی منظوری سے کیاجائے۔
نگران حکومتوں / فیصلہ
وفاقی حکومت کا نگران حکومتوں کے قیام کا طریقہ کار تبدیل کرنے کا فیصلہ
Oct 06, 2014