سوئی ناردرن حکام مکر گئے، عید پر سی این جی صارفین کی خوشیاں دھری رہ گئیں

Oct 06, 2014

لاہور (نیوز رپورٹر) سوئی ناردرن حکام اپنے اعلان سے مکر گئے۔ حکام کا کہنا تھا عید کے تینوں روز تمام سی این جی صارفین کو گیس دستیاب ہوگی مگر قادرپور فیلڈ کا بہانہ بنا کر سوئی ناردرن حکام نے کئی روز قبل 4 اکتوبر کو ہی گیس نہ دینے کے احکامات جاری کر دیئے جس سے سی این جی صارفین کی خوشیاں دھری کی دھری رہ گئیں۔ سوئی ناردرن حکام کا کہنا ہے 7 سے 17 اکتوبر تک 10 روز کیلئے قادرپور فیلڈ سالانہ مرمت کے لیے بند رہے گی۔ ایسی صورتحال کے پیش نظر عیدالاضحی والے روز سی این جی ملنے والی تھی مگر سوئی ناردرن حکام نے سی این جی اور انڈسٹری کو گیس کی فراہمی معطل کر دی جس سے سی این جی صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور گھریلو صارفین بھی عیدالاضحی کی چھٹیوں میں گیس کی مکمل فراہمی کے بارے میں تذبذب کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا ہے سردیوں سے قبل ہی پریشر میں کمی ہو گئی ہے۔
سی این جی/خوشیاں

مزیدخبریں