لندن (بی بی سی) جاپان میں گراں پری کار ریس کے دوران حادثے میں فرانسیسی ڈرائیور جولز بیانچی شدید زخمی ہو گئے۔ فارمولا ون ریسنگ کے نگران ادارے ایف آئی اے کے مطابق بیانچی کے سر پر شدید چوٹ آئی ہے اور انہیں آپریشن کے بعد انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں منتقل کیا جائے گا۔ 25 سالہ جولز بیانچی کی کار اتوار کو سوزوکا ٹریک پر ہونیوالی ریس کے دوران بے قابو ہو کر ایک اور ڈرائیور ایڈرئین سوٹل کی اس کار سے جا کر ٹکرائی جو کچھ ہی دیر پہلے حادثے کا شکار ہوئی تھی اور اس کی مرمت کی جا رہی تھی۔
ٹیم ماریوسیا کی جانب سے ریس لگانے والے جولز بیانچی کو بیہوشی کی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ ریسنگ ٹریک پر بارش کے باعث حادثہ پیش آیا۔ حادثہ ہونے کے بعد ریس کو 44 چکروں کے بعد ختم کر دیا گیا۔