کراچی (این این آئی) وزیرخزانہ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سٹیل مل کی نجکاری کی گئی تو زمین سندھ کی ملکیت ہے الاٹمنٹ منسوخ ہو جائے گی۔ وزارت پانی و بجلی صوبے کو بجلی کی فراہمی میں ناکام ہو چکی ہے۔ حیسکو اور سیپکو زیادہ لئے جانے والے پیسوں کا حساب دیں۔ وزارت پانی و بجلی بجلی فراہم کرنے میں ناکام ہو گئی ہے۔ بجلی کے نرخوں میں اضافہ کرکے عوام کے زخموں پر نمک چھڑکا جا رہا ہے۔ پانی بجلی ایکٹ کے تحت حکومت سندھ نیپرا کی رپورٹ آنے کے بعد فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نجکاری کے خلاف ہیں۔ سندھ حکومت نے سٹیل ملز خریدنے کے لئے کوئی رابطہ نہیں کیا۔ آئین کے تحت سندھ سے نکلنے والی گیس پر سب سے پہلا حق اس کا اپنا ہے اور اگر آئین پر عمل کرنے کی وجہ سے کوئی ان پر غداری کا مقدمہ دائر کرتا ہے تو وہ اپنا شوق پورا کرے۔ پیپلز پارٹی پاکستان سٹیل ملز اور پی آئی اے جیسے اداروں کی نجکاری کے خلاف ہے، سندھ حکومت کی جانب سے پاکستان سٹیل ملز کی خریداری ان کے علم میں نہیں۔