”ایک گروہ بھتہ مانگ رہا تھا“ دھمکیاں ملنے پر ملک چھوڑا: مالکان بلدیہ ٹاﺅن فیکٹری کا دبئی میں جے آئی ٹی کو بیان

دبئی (نوائے وقت رپورٹ) کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاﺅن میں 3 سال قبل گارمنٹس فیکٹری کو آگ لگا کر 250 سے زائد مزدوروں کو زندہ جلا ڈالنے کے کیس میں گزشتہ روز فیکٹری مالکان ارشد اور شاہد بھائلہ نے دبئی کے پاکستانی قونصل خانے میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو اپنے بیانات قلمبند کرا دئیے۔ دونوں بھائی جو سانحہ کے بعد ملنے والی دھمکیوں کے پیش نظر کراچی سے لندن منتقل ہوچکے ہیں، اپنے بیانات قلمبند کرانے کیلئے دبئی پہنچے جبکہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے ارکان 2 روز قبل کراچی سے دبئی گئے۔ ایک نجی ٹی وی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کے مطابق مالکان نے ایک گروہ کے بھتہ مانگنے کی تصدیق کر دی ارشد اور شاہد بھائلہ سے جے آئی ٹی نے سوال کیا کہ انہوں نے ملک کیوں چھوڑا تو انہوں نے جواب دیا کراچی میں وہ انتہائی غیر محفوظ تھے اور انہیں دھمکیاں مل رہی تھیں فیکٹری میں آگ لگنے کے سوال پر انہوں نے کہا وجہ ہمیں بھی سمجھ میں نہیں آئی اتنی آگ شارٹ سرکٹ سے نہیں لگ سکتی سانحے پر بات کرتے ہوئے فیکٹری مالکان جذباتی ہو گئے اور کہا کہ فیکٹری میں زندہ جلنے والے مزدور نہیں ہمارے ساتھی تھے۔
مالکان بلدیہ فیکٹری

ای پیپر دی نیشن