قائداعظم پاکستان کو اسلامی فلاحی مملکت بنانا چاہتے ہیں: صفدرمحمود

لاہور (خصوصی رپورٹر) قائداعظم پاکستان کو ایک اسلامی جمہوری فلاحی ریاست بنانے کے خواہاں تھے۔ اس ملک پر اللہ تعالیٰ کا سایہ ہے اور یہ تاقیامت قائم ودائم رہے گا۔ ان خیالات کا اظہارممتاز محقق،دانشور وکالم نگار ڈاکٹر صفدر محمود نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان ،شاہراہ قائداعظم لاہور میں ’’کاروان خیر سگالی و قومی یکجہتی ‘‘کے تحت ملک بھر سے آئے ہوئے طلبا و طالبات اور اساتذۂ کرام کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر افتخار علی ملک، چوہدری نعیم حسین چٹھہ، رحمت اللہ جاوید اور شاہد رشید بھی موجود تھے۔ڈاکٹر صفدر محمود نے کہا کہ نظریۂ پاکستان ٹرسٹ مبارکباد کا مستحق ہے کہ اس نے کاروان خیر سگالی و قومی یکجہتی کے ذریعے ملک بھر سے ہونہار طلبا وطالبات کو یہاں مدعو کیا، افتخار علی ملک نے کہا کہ یہ ملک بڑی قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا ہے لہٰذا اس کی قدر کریں ۔ پشاورسے آئے طالبعلم فہد اور کراچی سے آئی ہوئی طالبہ اریبہ نے تقریر،چترال سے آئی طالبات گلشاد اور حمیرا نے ملی نغمہ جبکہ آزادکشمیر سے آئے طالبعلموںنے کلام اقبال پیش کیا۔

ای پیپر دی نیشن