30 اکتوبر اسلام آباد میں دھرنے کا اعلان، نواز شریف کے استعفٰے تک واپس نہیں جائیں گے: عمران

 چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اسلام آباد دھرنے کرنے کی تاریخ دیدی قوم سے 30 اکتوبر کو اسلام آباد آنے کی اپیل کی ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں نہ آنے پر تنقید ہوئی پارٹی کے سینئر رہنماﺅں کا اجلاس طلب کیا۔ واضح پیغام دیا تھا کہ مسئلہ کشمیر پر سب ایک ہیں۔ اے پی سی میں اپنا موقف واضح طور پر پیش کر چکے ہیں۔ نواز شریف کو وزیراعظم نہیں مانتا۔ ہم نے پوری کوشش کی اسمبلی کا فورم استعمال کیا اور ٹی او آر پر اکٹھے بیٹھے، میں خورشید شاہ کے پیچھے بھی کھڑا ہو گیا۔ پتہ ہے کہ خورشید شاہ نواز شریف کے پے رول پر ہیں۔ ہمیں لٹکایا گیا ٹی او آر کا معاملہ لمبا کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف نے کہہ ہی دیا کہ میاں صاحب فکر نہ کرو لوگ بھول جائیں گے۔آج  اسمبلی میں جو ہوا مجھے اسی بات کا ڈر تھا اسی لئے نہیں گیا۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں جو ہوا اس سے غلط تاثر گیا۔ خورشید شاہ سے زیادہ فرینڈلی اپوزیشن نہیں ہوسکتی۔ مجھ سے یہ منافقت نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ دو چیزوں کے بغیر اسلام آباد سے نہیں ہٹیں گے نواز شریف استعفےٰ دیں یا خود کو احتساب کیلئے پیش کریں۔ نواز شریف مجرم ثابت ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نہیں چاہتے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت ختم ہو، صرف نواز شریف کا احتساب چاہتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن