صدر مملکت ، وزیر اعظم سے سبکدوش ہونیوالے پاک بحریہ کے سر براہ کی ملاقات

Oct 06, 2017

لاہور+اسلام آباد (خبر نگار+سپیشل رپورٹ)صدر مملکت ممنون حسین سے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکا اللہ نے الوداعی ملاقات کی۔ صدر مملکت نے پاک بحریہ کے لیے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے اپنی ذمہ داریاں بہترین پیشہ ورانہ طریقے سے ادا کیں۔ جس کے نتیجے میں ملک کا بحری دفاع مضبوط ہوا اور پاک بحریہ پر قوم کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔ انھوں نے توقع ظاہر کی کہ ان کے جانشین ان کے دور میں شرو ع کیے ہوئے تمام اچھے منصوبوں کو احسن طریقے سے مکمل کریں گے۔ انھوں نے ایڈمرل ذکا اللہ کی ترقی ، خوشحالی اور صحت کے لیے نیک تمناوں کا اظہار کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ان کا تجربہ ملک و ملت کی ترقی کے لیے کام آتا رہے گا۔بعدازاںایڈمرل محمد ذکا ءاللہ نے وزیرِاعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی سے ان کے آفس میں الوداعی ملاقات کی۔ وزیرِاعظم نے اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے والے پاک بحریہ کے سربراہ کی وطنِ عزیز کے دفاع کے سلسلے میں کی جانے والی غیر معمولی خدمات کو سراہا اوراُن کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔
ذکا ءاللہ / ملاقاتیں

مزیدخبریں