ایف بی آر سالانہ ہدف کے حصول کیلئے کوششیں جاری رکھے‘ اسحاق ڈار
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی صدارت میں ایف بی آر میں چیف کمشنرز کانفرنس ہوئی جس میں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ریونیو کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر خزانہ نے کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رواں مالی سال کا ہدف 4013 ارب روپے ہے۔ جو گزشتہ سال کے مقابلہ میں 19.4 فیصد زائد ہے۔ رواں مالی سال کے پہلے تین ماہ میں ایف بی آر نے 20 فیصد کی گروتھ دکھائی ہے۔ جو قابل تعریف ہے۔ ایف بی آر نے سہ ماہی میں 41 ارب روپے کے ری فنڈ بھی جاری کئے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ وہ اس کامیابی پر ایف بی آر کو مبارک باد دیتے ہیں۔ ایف بی آر کی ٹیم سالانہ ہدف حصول کے لئے اسی جذبہ کے تحت کام کو جاری رکھے۔ انہوں نے زور دیا کہ ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے کےلئے حقیقی کوششیں کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک جانب ٹیکس گزار کےلئے سہولت دینا ادارے کی ذمہ داری ہے جبکہ دوسری جانب عوام‘ کاروباری برادری کا بھی فرض ہے کہ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔ ملک کو سیکیورٹی چیلنجز شامل ہیں اور قوم کوزیادہ سے زیادہ وسائل کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کانفرنس کے شرکاء پر زور دیا کہ وہ کانفرنس میں زیادہ سے زیادہ تجاویز اور اصلاحات پر بھی اقدامات پیش کریں۔ چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ ایف بی آر کے نئی ٹیم وزیر خزانہ کی قیادت میں دل جمعی کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے کےلئے کام کو جاری رکھا جائیگا۔
اسحاق ڈار