کراچی (نیوز رپورٹر) برصغیر پاک و ہند کے صوفی بزرگ بابا سیّد محمد تاج الدین اولیائؒ کا 96 واں عرس مبارک 6 اور 7اکتوبر کو خانقاہ تاجیہ امجدیہ میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائیگا۔ بابا سیّد محمد تاج الدین اولیاء کا مزار مبارک تاج آباد ناگپور شریف انڈیا میں واقع ہے جہاں 7روزہ عرس کی تقریبات کا آغاز ہوچکا ہے جبکہ پاکستان میں عرس کی تقریبات کا آغاز کل سے خانقاہ تاجیہ امجدیہ (لیاقت آباد) اور دربار تاج الاولیاء نیوکراچی میں ہوگا۔ صدارت خلیفہ سید قاضی میر محمد علی تاجی کریں گے۔ نگران سیّد وجاہت علی شاہ تاجی نے بتایا کہ عرس کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز 6اکتوبر ہفتہ کو خانقاہ تاجیہ امجدیہ میں چادر شریف پیش کرکے کیا جائے گا۔ اس کے بعد قرآن خوانی، نعت خوانی اور محفل سماع ہوگی جبکہ 7اکتوبر اتوار کو عرس کی تقریبات دربار تاج الاولیاء نیو کراچی نزد دو منٹ چورنگی میں ہوگی۔