پاکستان سٹاک ایکسچینج، مارکیٹ کریش، 100انڈیکس میں 860پوائنٹس کمی

Oct 06, 2018

کراچی (اے پی پی) پاکستان سٹاک ایکس چینج میں رواں کاروباری ہفتے کے آخری روزجمعہ کو مارکیٹ کریش ہو گئی، بدترین مندی کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس 800 پوائنٹس کم ہو گیا اور مارکیٹ40 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے کم ہو کر 39200پوائنٹس کی پست سطح پر بندہوئی۔ مندی کے سبب مارکیٹ کے مجموعی سرمائے میں184ارب روپے کی کمی ہوئی جس کی وجہ سے سرمائے کا مجموعی حجم 82کھر ب روپے سے کم ہو کر 80 کھرب روپے کی سطح پر آگیا۔ پاکستان سٹاک ایکس چینج میں جمعہ کو کاروبا ر کا آغاز مثبت ہوا اور انڈیکس 40136پوائنٹس کی سطح پر جا پہنچا تاہم مقامی انسٹی ٹیوشنز اور برکریج ہاﺅسز کی جانب سے بعض سٹاکٹس میں فروخت کے دباﺅ نے مارکیٹ کو تنزلی سے دوچار کر دیا اور کاروباری تیزی کے ساتھ نیچے گرتا چلا گیا۔ مندی کی بڑی لہر کے پیش نظر سرمایہ کاروں نے سرمائے کے انخلاءکو بھی ترجیح دی جس کی وجہ سے مارکیٹ منفی زون میں بند ہوئی۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو کاروبار کے اختتا م پر کے ایس ای100انڈیکس میں 860.77 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے انڈیکس 40087.12پوائنٹس سے کم ہو کر 39226.35 پوائنٹس پر آگیا اسی طرح 411.27 پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای30 انڈیکس 19077.87 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 29398.88 پوائنٹس سے کم ہو کر 28795.99 پوائنٹس ہو گیا۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج

مزیدخبریں