صنعاء + ابوظہبی (این این آئی)یمن کے شمالی صوبے صعدہ کے ضلع باقم میں سرکاری فوج اور حوثی باغیوں کے درمیان شدید جھڑپوں میں 25 حوثی جنگجو ہلاک ہوگئے۔ فوج نے باقم میں چار مربع کلومیٹر میں واقع مزید علاقے آزاد کرا لیے۔ یمنی فوج کے ہاتھوں شکست کے بعد بہت سے حوثی جنگجو اپنے ہتھیار چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ یمنی فوج نے باقم اور بین الاقوامی بارڈر کراسنگ الآب کے درمیان شاہراہ کی جانب بھی پیش قدمی جاری رکھی ہوئی ہے۔ فوج نے باقم میں حوثیوں کی بعض چوکیوں تک کمک پہنچانے کے راستے منقطع کردیے جس کی وجہ سے وہاں موجود باغی جنگجو محصور ہو کر رہ گئے۔ ادھر اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی برائے یمن مارٹن گریفتھس نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ آئندہ ماہ نومبر میں جنگ زدہ ملک کے تمام فریقوں کے درمیان بحران کے حل کے لیے بات چیت بحال ہوجائے گی۔