جڑانوالہ (نمائندہ نوائے وقت) جڑانوالہ تھانہ روڈالہ کے نواحی گائوں 379گ ب میں 8سالہ بچے کو گلا دبا کر قتل کر دیا گیا۔ نامعلوم افراد نعش قریبی کھیتوں میں پھینک کر فرار ہو گئے۔ پولیس نے نعش تحویل میں لے کر کارروائی شروع کردی۔ نذیر احمد کے 8سالہ بچے حیدر علی کی نعش قریبی کھیتوں سے برآمد ہوئی ، خدشہ ظاہر کیا جاتا ہے کہ نامعلوم افراد نے گلا دبا کر معصوم بچے کو قتل کرنے کے بعد نعش کھیتوں میں پھینک دی۔ پولیس نے نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا۔ حیدر علی صبح 11سے گھر سے لا پتہ تھا اور شام کو اس کی نعش کھیتوں سے ملی ہے۔ قابل ذکرامریہ ہے کہ ایک ہی ماہ میں اسی خاندان کا یہ تیسرا بچہ ہے جو پراسرار طور پر قتل کردیا گیا۔ حیدر کی نعش بھی کھیتوں سے برآمد ہوئی۔ قبل ازیں اس کے دو کزن 8 سالہ سدرہ، 4 سالہ عبداللہ کو بھی مبینہ طور پر قتل کرنے کے بعد موت کے گھاٹ اتار دیا گیا تھا۔ اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی چودھری عثمان نفری کے ہمراہ موقعہ پر پہنچ گیا شواہد اکٹھے گئے اور پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ اہل علاقہ نے ایک ہی ماہ میں تین بچوں کی پر اسرار ہلاکت پر پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ خصوصی ٹیم تشکیل دے کر حقائق کو سامنے لا یا جائے ۔